0
Thursday 11 Jul 2019 20:55

سوات میں پسند کی شادی کرنے پر 18 سال بعد شوہر قتل، بیوی اور کمسن بچی زخمی

سوات میں پسند کی شادی کرنے پر 18 سال بعد شوہر قتل، بیوی اور کمسن بچی زخمی
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کے مرکزی شہر منگورہ میں پسند کی شادی کرنے پر 18 سال بعد ایک شخص کو قتل اور اس کی بیوی سمیت 8 سالہ بچی کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق ضلع اپر دیر کے علاقہ گندیگار کے رہائشی فرمان نے 18 سال قبل اپنے گاؤں کی ساجدہ نامی خاتون سے پسند کی شادی کی اور جان بچانے کی غرض سے منگورہ کے علاقہ شاہدرہ میں آ کر کرایہ کے مکان میں رہنے لگے۔ اس دوران فرمان اور ساجدہ کے 4 بچے پیدا ہوئے، جبکہ ساجدہ کے بھائیوں نے اس کی تلاش جاری رکھی اور آج سے 3 ماہ قبل ان کا سراغ لگایا۔ ساجدہ نے زخمی حالت میں پولیس کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ اس کے بھائی صدیق نے 3 ماہ قبل منگورہ شہر میں ہمارے گھر آ کر کہا کہ ماضی کو بھول کر نئے سرے سے زندگی کا آغاز کرتے ہیں، جس پر میں نے آمادگی ظاہر کی اور میرا بھائی صدیق اکثر ہمارے پاس آتا جاتا رہا۔ ساجدہ کے مطابق صدیق گذشتہ تین دن سے ہمارے گھر میں تھا اور آج رات کو ہم سو رہے تھے کہ ہمارے گھر میں مزید 3 افراد داخل ہوئے جس پر میرے شوہر فرمان کو شک ہوا اور اس نے صحن میں ان کو روکا جس پر ہاتھا پائی شروع ہوئی۔ ملزمان نے فرمان پر پہلے خنجر کے وار کئے اور پھر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں فرمان موقع پر دم توڑ گیا، جبکہ میں اور میری 8 سال کی بیٹی حسینہ زخمی ہوگئے۔ ملزمان واردات کے بعد فرار ہوگئے جبکہ تھانہ منگورہ کی پولیس نے ایف آئی آر درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
خبر کا کوڈ : 804540
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش