0
Sunday 14 Jul 2019 10:48

کشمیریوں نے حق خودارادیت کیلئے اپنی نسلیں قربان کر دیں، راجہ فاروق

کشمیریوں نے حق خودارادیت کیلئے اپنی نسلیں قربان کر دیں، راجہ فاروق
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں نے اپنے بنیادی حق خودارادیت کے حصول کی خاطر اپنی نسلیں قربان کر دی ہیں، 1931ء سے شروع ہونے والا آزادی کا سفر ابھی بھی جاری ہے، یورپ میں آباد کشمیری تارکین وطن ان مظلوم کشمیریوں کے موثر وکیل ہیں، انہیں متحد اور یکجان ہو کر اپنا کردار زیادہ فعال اور مضبوط بنانا ہو گا۔ وہ یہاں پاکستان مسلم لیگ نواز بارسلونا کے صدر راجہ محمد اسد کی طرف سے اپنے اعزاز میں دی گئی عشائیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس تقریب میں ندائے کشمیر بارسلونا کے صدر راجہ مختار سونی، کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید، مسلم لیگ نواز آزادکشمیر یورپ کے سیکرٹری جنرل نعیم چوہدری، سیکرٹری جموں و کشمیر لبریشن سیل منصور قادر ڈار، ڈائریکٹر جنرل فدا حسین کیانی، بیلجیئم سے معروف کشمیر رہنما سردار محمد صدیق، مقامی کمیونٹی کے رہنماﺅں، مسلم لیگ نواز کے عہدے داران و کارکنان اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

راجہ محمد فاروق خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر ہماری بڑی زمہ داری یہ ہے کہ دنیا کو اندر کے ہندوستان کا اصلی چہرہ دیکھا کر اس کے بیانیے کو شکست دینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیری ہندوستان کے جبر کا مقابلہ کر کے اپنا خون دے رہے ہیں، ہمیں اپنا وقت دینا ہے تاکہ ہم ان کی اس جدوجہد کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے منزل کی جانب بڑھ سکیں۔ راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ سیاسی، معاشی، نظریاتی طور پر ایک مستحکم اور مظبوط پاکستان کشمیری کی آزادی کا ضامن ہے، کشمیریوں کے دماغ سے پاکستان کا لفظ کوئی نہیں نکال سکتا، 1944ء میں جب قائداعظم کشمیر کے دورے پر گئے تو کشمیریوں نے پاکستان کے ساتھ جانے کا فیصلہ کر لیا تھا پھر اس فیصلے کو کشمیریوں نے 19 جولائی 1947ء کو قرارداد الحاق پاکستان کی شکل میں مہر ثبت کر دی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں آباد کشمیریوں کی یہ قومی زمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ جموں کشمیر میں ہونے والے ہندوستانی مظالم کو بے نقاب کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 804968
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش