0
Saturday 17 Aug 2019 23:12

کراچی کچرے کا ڈھیر بنا ہوا ہے، سیاسی رسہ کشی بند کی جائے، علامہ باقر زیدی

کراچی کچرے کا ڈھیر بنا ہوا ہے، سیاسی رسہ کشی بند کی جائے، علامہ باقر زیدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ سید باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ شہر قائد میں عیدالاضحیٰ کے بعد سے جگہ جگہ ہونے والے گندگی کے ڈھیر نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، پاکستانی معیشت کی شہ رگ اور سب سے بڑے شہر کی عوام طرح طرح کی مہلک بیماریوں میں مبتلا ہو رہی ہے۔ اپنے بیان میں علامہ باقر زیدی کا کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کی معیشت کی شہ رگ ہے اور یہاں کے باسیوں کے ساتھ ملک کی تمام جماعتیں سوتیلا سلوک کر رہی ہیں، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کی سیاسی رسہ کشی نے ملک کی معاشی رگ کو گندگی کے ڈھیر میں بدل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی معیشت کو چلانے والے شہر کو اقتدار کے بھوکے درندوں نے تباہ کرکے رکھ دیا ہے، مون سون کی بارشوں اور عید الاضحیٰ کے بعد سے سیوریج کا گندا پانی اور کچرے کے ڈھیر شہر میں تعفن اور بیماریاں پھیلا رہے ہیں، اگر ان کو صاف نہ کیا گیا تو شہر بھر میں وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ ہے۔

علامہ باقر زیدی نے مون سون بارشوں میں کے الیکٹرک کی غفلت سے ہونے والی اموات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک کی نااہلی اور غفلت نے اہلِ کراچی کی جانیں لے لیں، کے الیکٹرک کی وجہ سے معصوم شہریوں کے قتل پر انسداد دہشتگردی کا مقدمہ چلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک حالیہ بارشوں میں معصوم شہریوں کی قاتل بن گئی ہے، کے الیکٹرک کی غفلت سے ہونے والے قتل کا نوٹس اب تک نہیں لیا گیا۔ انہوں نے چیف جسٹس اور وفاقی حکومت سے اپیل کی کہ وہ کے الیکٹرک کے خلاف مقدمات کا نوٹس لیں، بے گناہ قتل ہونے والے افراد کے اہل خانہ اپنے پیاروں کے خون کا انصاف مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ کے الیکٹرک کا معاہدہ فوری طور پر ختم کرکے اسے واپس حکومتی تحویل میں لیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 811172
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش