0
Thursday 22 Aug 2019 16:50
بھارت کشمیر سے نکلنے کے لئے منتیں کرے گا، ڈاکٹر قبلہ ایاز 

کشمیر کی آزادی کیلئے آخری حد تک جائیں گے، استحکام پاکستان کانفرنس کا اعلامیہ

مسئلہ کشمیر فلسطین کی طرح پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے، ڈاکٹر احمد یوسف الدرویش  
کشمیر کی آزادی کیلئے آخری حد تک جائیں گے، استحکام پاکستان کانفرنس کا اعلامیہ
اسلام ٹائمز۔ کشمیر اور پاکستان کا وجود لازم و ملزوم ہے دونوں کے استحکام اور آزادی کے لئے آخری حد تک جائیں گے، تمام طبقے اور مسالک اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرکے امن کو فروغ دیں، افواج پاکستان کی ملک کی سالمیت اور استحکام کیلئے قربانیاں لازوال ہیں، پوری قوم مظلوم کشمیر ی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے، پیغام پاکستان کے بیانیہ سے ملک میں شعور بیدار ہوا ہے، ملک میں امن و استحکام مجلس علماپاکستان کا اولین ہدف ہے۔ آج امریکہ افغانستان سے نکلنے کی بھیک مانگ رہا ہے، کل بھارت کشمیر سے نکلنے کے لئے منتیں کرے گا، مسئلہ کشمیر فلسطین کی طرح پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب اور اعلامیے میں کیا۔ مجلس علماء پاکستان کے زیراہتمام استحکام پاکستان کانفرنس مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت منعقد ہوئی، جس سے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز، اسلامی یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر احمد یوسف درویش، علامہ زبیر احمد ظہیر، علامہ سجاد نقوی، مولانا محمدخان لغاری، قاری بزرگ شاہ، مولانا اظہار بخاری، پروفیسر ظفراللہ جان، مولانا بلال گولڑوی، قاری اخلاق مدنی، قاری امین الحسنات، مفتی عبدالمعید اسد، قاری سعید اعوان، مولانا شمس الحق سمیت کثیر تعداد میں علماء نے خطاب کیا۔

استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین قبلہ ایاز نے کہا  مودی 70 سالوں میں آپ نے جن کشمیریوں کے دل نہیں جیتے، ان پر قبضہ کرکے آپ وہاں کیسے اپنی حکومت برقرار رکھ سکو گے۔ 9 لاکھ فوج تو آپ کی کشمیر میں پہلے سے موجود ہے، مزید 9 لاکھ فوج بھیجنی پڑیں گی۔ 65 کے بعد پہلی بار تمام بین الاقوامی میڈیا نے بھارت کے مظالم کو اجاگر کیا۔ 5 اگست کو جب کشمیر پر مودی نے حملہ کیا، تو شملہ معاہدہ اصولی طور پر ٹوٹ چکا ہے اگر ہم متحد رہیں تو کشمیر کا زخم آنے والے دنوں میں بھارت کے لئے ناسور بنے گا۔ صدر انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی ڈاکٹر احمد درویش نے کہا کہ کشمیریوں پر مظالم کی وجہ ان کا مسلمان ہونا ہے، کشمیر کا مسئلہ امت مسلمہ کا مسئلہ ہے۔ امت مسلمہ پر لازم ہے کہ کشمیریوں کے حق کی بات کریں، مسئلہ کشمیر کو کسی صورت مسئلہ فلسطین سے کم نہیں سمجھتے۔ بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان اور پاکستان کے بغیر کشمیر نامکمل ہے، دونوں کا وجود ایک دوسرے سے جڑا ہے، دونوں کو ایک دوسرے سے قدرت نے جوڑا ہے، تو مودی کیسے توڑ سکتا ہے۔

مولانا آزاد نے علماپر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام طبقے اور مسالک اپنی اپنی صفوں میں اتحاد و یکجہتی کو پیدا کریں اور اس کو فروغ دیں تاکہ پاکستان میں امن کو فروغ حاصل ہو اور ملک مزید مضبوط اور مستحکم ہو سکے، یقینا اس سلسلہ میں افواج پاکستان کی ملک کی سالمیت اور استحکام کیلئے قربانیاں لازوال ہیں، میں حکومت افواج پاکستان، رینجرز اور قومی سلامتی کے تمام اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے ملک دشمنوں کے خلاف اپنی جانوں کو ہتھیلی پر رکھ کے اور قربانیاں دے کر قوم کو امن کا تحفہ دیا اور آج ملک دشمن قوتوں کے عزائم ناکام ہو چکے ہیں۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمرباجوہ کی طرف سے دینی مدارس کی حوصلہ افزائی پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اوریہ سمجھتے ہیں کہ جنرل قمر باجوہ حقیقی معنوں میں ملک و ملت کے مسائل حل کر رہے ہیں، ان کی مدت ملازمت میں توسیع خوش آئنداقدام ہے۔ پاکستان مضبوطی، استحکام سلامتی اور امن کی طرف بڑھ رہا ہے، وطن عزیز میں امن کیلئے علماء بھی پیچھے نہیں رہے، انہوں نے بھی اکٹھے ہو کر ملک دشمنوں اور دہشت گردوں کے خلاف متفقہ فتوی اور قرارد پیش کی جو کہ آج ایک تحریک بن چکی ہے۔ پیغام پاکستان  کے بیانیہ سے ملک میں شعور بیدار ہوا ہے، ملک میں امن و استحکام مجلس علماء پاکستان کا ترجیحی و اولین ہدف ہے۔ مولانا آزاد نے کشمیری مسلمان بھائیوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری بھائیوں کی جدوجہد اور ان کی قربانیاں رایگاں نہیں جائیں گی، بھارت کی ظلم و جبر کی سیاہ رات جلد ختم ہونے والی ہے۔ کشمیریوں کی آزادی کا سورج جلد طلوع ہونے والا ہے، پوری قوم مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے پوری دنیا بھارت کے ظلم و جبر و بریت کے خلاف آواز اٹھائے، ہم عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فی الفور نوٹس لے اور اپنی قراردوں کے مطابق کشمیر کے مسئلہ کو حل کرائے ہم انڈیا کی مذمت کرتے ہیں، جو وہ کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہا ہے اور اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم کشمیریوں کی ہر قسم کی اخلاقی و قانونی و سیاسی  حمایت جاری رکھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 812074
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش