0
Wednesday 28 Aug 2019 17:42

زرداری اور نواز شریف کو علاج کی سہولیات نہ دینا شرمناک اور قابل مذمت ہے، اعجاز ہاشمی

زرداری اور نواز شریف کو علاج کی سہولیات نہ دینا شرمناک اور قابل مذمت ہے، اعجاز ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ حکومت کا سیاسی مخالفین کو جیل بھجوانے کے بعد علاج کی سہولیات سے انکار غیر انسانی، غیر آئینی اور شرمناک حرکت ہے۔ سلیکٹیڈ وزیراعظم عمران خان، اللہ تعالی کی ذات اور موت کو بھی یاد رکھیں۔ ہمیشہ اقتدار صرف رب کائنات کا ہے۔ کٹھ پتلیوں کا ویسے بھی اقتدار کے بعد کوئی وارث بھی نہیں بنتا۔ کسی بھی ملزم کو علاج سے انکار اس کی زندگی سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ سابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور سابق وزیر اعظم نوازشریف کو علاج کی سہولیات سے انکار شرمناک اور قابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور کو بھی جس انداز سے آدھی رات کو جیل منتقل کیا گیا۔ اس کی بھی پاکستان سمیت کسی بھی مہذب معاشرے میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ عمران خان یاد رکھیں بڑے بڑے مطلق العنان آمر یہاں آئے، جنہوں نے سیاسی کارکنوں اور قائدین کو احتساب کے نام پر دباو میں رکھا مگر بعد میں ان کا نام لیوا کوئی نہیں ہوتا۔ عمران خان کو یاد تو ہوگا ایک جنرل پرویز مشرف ہوا کرتے تھے، جو خود کو اس ملک کا بڑا بدمعاش اور طاقتور حکمران سمجھتے تھے۔ وہ بھی مخالفین کو جیلوں میں ڈال دیا کرتا تھا۔ اس نے بھی احتساب کا نعرہ لگایا تھا اور یہاں بڑے مکے لہرایا کرتا تھا۔ آج وہ کہاں ہے؟ عدالتیں اسے بلوا رہی ہیں۔ مگر وہ بیرون ملک سے آنے کی جرات نہیں کر رہا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں ملاقات کرنیوالے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ عمران خان، مودی کو کشمیر پر ظلم کی وجہ سے ہٹلر کہتا ہے جبکہ اقدامات سے مودی اور عمران میں کوئی فرق محسوس نہیں ہو رہا۔ وہ کشمیریوں کیلئے اور عمران خان پاکستان کے عوام اور پوزیشن کیلئے ہٹلر بنا ہوا ہے۔ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ سے اپیل کی کہ وہ اپوزیشن رہنماوں آصف علی زرداری اور نواز شریف کو علاج کی سہولیات سے انکار ازخود نوٹس لیں، کیونکہ حکمران سیاسی انتقام میں علاج سے انکاری ہیں۔ عدلیہ نے سابق صدر اور وزیراعظم کو انصاف فراہم نہ کیا تو عدالتی نظام پر بھی سوالات اٹھنا شروع ہو جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 813142
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش