0
Thursday 5 Sep 2019 18:25

کشمیر پر کوئی سمجھوتہ کیا گیا تو یہ غداری ہوگی، معصوم نقوی

کشمیر پر کوئی سمجھوتہ کیا گیا تو یہ غداری ہوگی، معصوم نقوی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ قائد اہلسنت پیر معصوم حسین نقوی نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، جس کے بغیر یہ ملک نامکمل اور ہماری زندگی خطرے میں ہے، پاکستانی عوام کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، اس ملک کے ادارے فوج نے کشمیر سمیت ملک کے ہر کونے کا تحفظ کیا، بھارتی ہٹ دھرمی کے مقابلے میں بند باندھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پر پاکستان نے اپنے قیام سے اب تک کئی جنگیں لڑیں اور سفارتی جدوجہد کی ہے، اس مسئلے پر اقوام متحدہ کی قراردادوں سے ہٹ کر پردے کے پیچھے اگر کسی قسم کا سمجھوتہ کیا گیا تو یہ قوم سے غداری ہوگی، حکومت کو چاہئے کہ سلامتی کونسل میں مسئلے پر بات چیت کیلئے او آئی سی کے ممالک کو اعتماد میں لے کر حکومت عملی طے کرے جبکہ اپوزیشن جماعتوں کیساتھ بھی مسئلہ کشمیر پر بات چیت ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی سلامتی اور قومی یکجہتی کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے۔ احتساب اچھا نعرہ ہے، اس پر عملدرآمد بھی ہونا چاہیے لیکن احتساب غیر جانبدارانہ اور شفاف ہونا چاہیے، حکومتی اتحاد میں شامل پارٹیوں کے افراد کو رعایت دینا اور اپوزیشن کو دباو میں رکھنا احتساب نہیں، سیاسی انتقام ہے، تاریخ گواہ ہے کہ انتقام پھر زیادہ دیر نہیں چل سکتا بلکہ یہ الٹا گلے پڑ جاتا ہے۔ لاہور میں مرکزی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری کشمیری قیادت جیل میں ہے اور جو آٹھ ہزار لاپتہ کشمیری نوجوان ہیں،ان کی کی زندگی کے بارے میں کشمیری عوام کے درمیان تشویش پائی جاتی ہے، کشمیر میں جاری ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدام کی مذمت اور کشمیریوں کی حمایت میں اندرون اور بیرون ملک ہونیوالے مظاہرے قابل تعریف ہیں، لیکن مظاہروں کیساتھ ساتھ اصل کام اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد پر قابض بھارت کو مجبور کرنا ہے مگر ابھی تک بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کے تعین کیلئے استصواب رائے پر عملدرآمد نہیں ہو سکا جس کے مطابق کشمیریوں کو یہ حق دیا جانا ہے کہ وہ پاکستان یا ہندوستان میں سے جس کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں، وہ ووٹنگ کے ذریعے اپنی رائے کا اظہار کریں مگر ابھی تک اقوام متحدہ نے اس طرف کوئی قدم نہیں اٹھایا۔

پیر معصوم نقوی نے کہا کہ متوقع امریکی صدارتی امیدوار برنی کی طرف سے کشمیر کی حمایت میں بیانات قابل تعریف ہیں کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کی طرف متوجہ ہے۔ امریکہ کو چاہیے کہ وہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے مطالبے کی حمایت کرے۔
خبر کا کوڈ : 814671
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش