0
Sunday 8 Sep 2019 09:18

سی سی پی او لاہور سے ترک قونصل جنرل کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

سی سی پی او لاہور سے ترک قونصل جنرل کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
اسلام ٹائمز۔ سی سی پی او لاہور بشیر احمد ناصر سے ترکی کے قونصل جنرل امیر اوزبے نے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص دونوں ملکوں کی پولیس کے مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ معزز مہمان کا خیرمقدم کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور بی اے ناصر نے کہا کہ ترکی پاکستان کا آزمودہ دوست ہے جس نے ہر موڑ پر پاکستان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں جدید پولیس فورس ڈولفن سکواڈ کی بنیاد ترکی سے متاثر ہو کر رکھی گئی اور ترکی نے ہی ڈولفن سکواڈ کے ماسٹر ٹرینرز کو تربیت دی۔

سی سی پی او بشیر احمد ناصر نے کہا کہ لاہور پولیس کے 311 افسر اور جوان فرائض کی ادائیگی اور دہشتگردی کیخلاف جنگ کے دوران اپنی جانیں قربان کر چکے ہیں، ہماری دہشتگردی کیخلاف یہ جنگ جاری رہے گی۔ انہوں اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں لاہور پولیس اور ترکی پولیس کے درمیان روابط مزید فروغ پائیں گے۔ اس موقع پر ترکی کے قونصل جنرل امیر اوزبے نے لاہور پولیس کی طرف سے امن و امان کیلئے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے یقین دلایا کہ لاہور پولیس کی استعداد کار بڑھانے کیلئے آئندہ بھی تعاون کریں گے۔ ملاقات میں سی سی پی او اور ترک قونصل جنرل نے سووینئر کا تبادلہ بھی کیا۔
خبر کا کوڈ : 815126
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش