0
Sunday 8 Sep 2019 17:55

اگر لاڈلے کو مزید چھوٹ دی گئی تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا، حافظ حسین احمد

اگر لاڈلے کو مزید چھوٹ دی گئی تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا، حافظ حسین احمد
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ اکتوبر میں میچ فکسنگ اور بال ٹیمپرنگ کے ماہر کو امپائر سمیت ہوم گراؤنڈ پر فالو آن کا شکار کریں گے، آزادی مارچ کی حمایت نہ صرف پاکستان کے آزاد منش عوام بلکہ پابند سلاسل ”قیدی“ بھی کر رہے ہیں، کرپشن کے خلاف چیخ و پکار کرنے والوں نے قومی خزانے کو 300 ارب کا ٹیکہ لگا دیا، صدر مملکت کس کے ”ممنون“ ہیں، جس کے کہنے پر عوام کے 300 ارب معاف کئے گئے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمد نے کہا کہ صدر مملکت عارف علوی آخر کس کے ”ممنون “ ہیں، جس کے کہنے پر عوام کے 300 ارب روپے معاف کئے، اب جبکہ وہ حسب روایت و عادت ”یوٹرن“ لے چکے اور معاملہ سپریم کورٹ کے سامنے ہے، ہم عدالت عظمیٰ سے بصد ادب گذارش کرتے ہیں کہ وہ بلوچستان کے ان تمام پسماندہ اضلاع کو جو اب تک صوبہ سے نکلنے والی گیس سے محروم ہیں، فوری طور پر ان 300 ارب سے گیس فراہم کرنے کے احکامات جاری فرمائیں۔

حافظ حسین احمد نے کہا کہ صدر اور وزیراعظم نے جہانگیر ترین جس کو سپریم کورٹ نے نااہل قرار دیا کو 70 ارب روپے معاف کرکے ثابت کر دیا کہ کرپشن کے خلاف ان کی چیخ و پکار محض ایک دھوکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر لاڈلے کو مزید چھوٹ دی گئی تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا، جس کا ازالہ شاید ممکن نہ ہو، اس لئے جمعیت علماء  اسلام نے اپنے پروگرام اور فیصلے کے تحت اکتوبر میں عوام کو اس لائی گئی مصیبت سے آزادی دلانے کیلئے میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ وقت بتائے گا کہ مصنوعی اور خلائی بل بوتے پر آنے والے کیسے جاتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 815213
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش