0
Friday 13 Sep 2019 18:00

بلتستان کو منشیات کی لعنت سے بچایا جائے، علماء، عمائدین اور تاجروں کا مطالبہ

بلتستان کو منشیات کی لعنت سے بچایا جائے، علماء، عمائدین اور تاجروں کا مطالبہ
 اسلام ٹائمز۔ بلتستان میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام، انجمن تاجران اور عمائدین شہر نے بلتستان سے منشیات کے خاتمے کیلئے حکومت اور ذمہ دار اداروں سے فوری اور موثر اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس لائن سکردو میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نامور عالم دین شیخ جواد حافظی نے کہا کہ بلتستان میں اس وقت بہت زیادہ منشیات آ رہی ہیں، ہمیں مل کر معاشرے سے اس لعنت کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا۔ مناسب اور بروقت ایکشن نہ ہونے کی وجہ سے منشیات اب کالجوں اور یونیورسٹیوں میں بھی پہنچ گئی ہیں، معاشرہ تباہ ہو رہا ہے، منشیات کے سدباب کیلئے عملی اقدامات اٹھانا ہونگے۔

اہلسنت و الجماعت بلتستان کے معروف عالم دین و خطیب مولوی مفتی سرور نے کہا کہ قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل پیرا نہ ہونے کی وجہ سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں، مسائل کا حل تعلیم میں پوشیدہ ہے، ہمیں اپنے بچوں کو تعلیم دلانا ہو گی۔نوربخشیہ مسلک کے خطیب مولانا عارف حسین نے کہا کہ پولیس منشیات کے ساتھ فحاشی کے اڈوں کا بھی کھوج لگائے, معاشرتی خرابیوں کے سدباب کیلئے کوششیں کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ہمیں صرف ایک دن کیلئے نہیں پورے سال کیلئے معاشرے کی اصلاح کرنا ہوگی۔ انجمن تاجران کے صدر غلام حسین اطہر نے کہا کہ جس رفتار سے بلتستان میں منشیات آ رہی ہیں وہ انتہائی شرمناک اور افسوسناک ہے، قانون نافذ کرنے والے لوگوں کی گاڑیوں میں منشیات آ رہی ہیں، یہ میں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے، منشیات کو ختم کرنا ناگزیر ہے، اس سلسلے میں ہم پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرنے کیلئے تیار ہیں۔
خبر کا کوڈ : 816012
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش