0
Saturday 14 Sep 2019 23:33
سندھ حکومت کو آئینی طریقے سے نہیں ہٹایا جا سکتا

کراچی پہ وفاق کے قبضے کی کوششیں غیر قانونی ہیں، بلاول بھٹو

سندھ میں کوئی فارورڈ بلاک موجود نہیں
کراچی پہ وفاق کے قبضے کی کوششیں غیر قانونی ہیں، بلاول بھٹو
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اب وفاق کی جانب سے کراچی پر قبضہ کرنے کی بات زیادہ خطرناک ہے، وفاق چاہتا ہے کہ کراچی کو کراچی میں رہنے والے نہیں بلکہ اسلام آباد سے چلایا جائے، ایک طویل عرصے سے کراچی کو اپنا حصہ نہیں مل رہا، پورے سندھ کو اپنا حصہ نہیں مل رہا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ جب جی ڈی اے، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم ہمارے خلاف مل کر الیکشن لڑ رہے تھے، تو انہوں نے اس وقت کراچی کو الگ کرنے کی بات کی تھی۔ جی ڈی اے کے نمائندوں نے کراچی کو الگ کرنے کی بات پر کہا تھا کہ انہیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو نظر انداز نہیں کرنا چاہئیے، کراچی سندھ کا دارالخلافہ ہے، یہاں کی آبادی زیادہ ہے، ملک بھر سے لوگ یہاں آتے ہیں اور رہتے ہیں۔ کراچی کو اس کی آبادی اور مسائل کے اعتبار سے وسائل ملنے چاہئیں تاکہ سب کو سہولیات مل سکیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاق کو ہمیں دیوار سے لگانے کے بجائے کراچی کے معاملے میں ہمارا ساتھ دینا چاہئیے، سندھ حکومت وفاق کی جانب سے نظرانداز کراچی کی مزید ترقی کی پوری کوشش کر رہی ہے مگر لوکل گورنمنٹ ان کوششوں کو سبوتاژ کر رہی ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا وفاق کراچی کو اس کا حق نہ دے کر سندھ حکومت کی مثبت کوششوں کو سبوتاژ کر رہا ہے، وفاق اور کراچی کی لوکل گورنمنٹ کی ترقی کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کا نقصان کراچی والوں کو ہورہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ میں کوئی فارورڈ بلاک موجود نہیں ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت ملک کی مضبوط ترین صوبائی حکومت ہے، سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کا مینڈیٹ بڑا واضح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سندھ میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے ادوار سے زیادہ سیٹیں پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس ہیں، اس وقت سندھ میں جو مینڈیٹ میرے پاس ہے، میری حکومت کو آئینی و جمہوری طریقے سے نہیں ہٹایا جا سکتا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب سے موجودہ حکومت آئی ہے، کبھی 18ویں آئینی ترمیم پر حملے کر رہی ہے تو کبھی گورنر راج لگانے کی کوشش کر رہی ہے، کبھی ہماری حکومت گرانے کی بات کرتے ہیں تو کبھی ہمارے لوگوں کو توڑنے کی۔ انہوں نے کہا کہ اب حکومت اس انتہا پر آ چکی ہے کہ وفاق کی جانب سے کراچی پر قبضے کی بات کی جا رہی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے پر زور طریقے سے کراچی پر وفاقی قبضے کی کوششوں کو مسترد کیا ہے، کراچی پر وفاق کے قبضے کی کوششیں نہ صرف غیر آئینی و غیرقانونی ہیں بلکہ عوام کی خواہشات کے بھی برعکس ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ جب غیرآئینی اقدامات ہوں گے، عوام پر ظلم ہو گا تو وفاق کو نقصان ہو سکتا ہے۔ وہ قوتیں جو اس سلیکٹڈ نالائق نااہل کو سپورٹ کررہے ہیں، ان کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، شہید ذوالفقار علی بھٹو کا وفاقی، جمہوری، اسلامی اور پارلیمانی نظام ہی اس ملک کو جوڑتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 816237
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش