0
Wednesday 25 Sep 2019 09:29

تارکین وطن بھارت کے مکروہ عزائم بے نقاب کرنے کے لئے اپنی کوششیں تیز تر کریں، مسعود خان

تارکین وطن  بھارت کے مکروہ عزائم بے نقاب کرنے کے لئے اپنی کوششیں تیز تر کریں، مسعود خان
اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کشمیری اور پاکستانی تارکین وطن پر زور دیا ہے کہ وہ عالمی برادری کو نریندر مودی کا اصل چہرہ دکھانے اور خطہ کے امن و سلامتی کے خلاف بھارت کے مکروہ عزائم بے نقاب کرنے کے لئے اپنی کوششیں تیز تر کریں۔ دبئی میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل کی طرف سے منعقدہ ایک استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیرون ملک آباد کشمیریوں اور پاکستانیوں کو اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کی فضا قائم رکھتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی وحشت و دردندگی، انسانی حقوق کی پامالیوں اور انصاف پر مبنی کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو محنت، جانفشانی اور تن دہی سے اجاگر کرنا ہو گا تاکہ کشمیری عوام کو ان کا بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حق خودارادیت مل سکے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ سات دہائیوں سے جاری تحریک آزادی کا تذکرہ کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر نے کہا کہ بھارت کے تمام تر انسانیت سوز مظالم اور درندگی کے باوجود کشمیری عوام چٹان کی طرح اپنے موقف پر قائم ہیں اور ان کا یہ آہنی عزم ان کی جدوجہد کی کامیابی کی دلیل اور حق و صداقت پر ہونے کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ کی پانچ تاریخ کے بعد بھارت نے نہ صرف مقبوضہ کشمیر کے عوام پر مظالم کے بے پناہ پہاڑ توڑے ہیں بلکہ صدیوں سے کشمیری عوام کو حاصل بنیادی حقوق پر بھی کھلا ڈاکہ ڈالا جس کے خلاف کشمیریوں کے ردعمل کو روکنے کے لئے بھارت نے کرفیو نافذ کر رکھا ہے اور ہزاروں بے گناہ لوگوں کو گرفتار کر کے جیلوں میں ڈال رکھا ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جیلوں میں گنجائش نہ ہونے کے باعث سیاسی قیدیوں کو بھارت کے مختلف بدنام زمامہ جیلوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کے ساتھ ساتھ بھارت نے لائن آف کنٹرول پر پاکستان کے خلاف ایک جنگ چھیڑ رکھی ہے جبکہ بھارت پاکستان کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کرنے کی دھمکیاں بھی دے رہا ہے جو بھارتی حکمرانوں کے پاگل پن کی واضح دلیل ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی حکمرانوں کے غیر ذمہ دارانہ رویہ کا نوٹس لے اور جموں و کشمیر کے ستر سالہ پرانے تنازعہ کا پرامن سیاسی و سفارتی حل کو یقینی بنانے کے لئے اپنا کردارا ادا کرے۔

آزادکشمیر کو پاکستان کی دفاعی لائن قرار دیتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ اگر 1947ء میں آزادکشمیر کے عوام نے ڈوگرہ فوج سے لڑ کر یہ خطہ آزاد نہ کرایا ہوتا تو مسئلہ کشمیر جونا گڑھ اور حیدر آباد کی طرح ختم ہو چکا ہوتا۔ تنازعہ کشمیر کو حل کرانے کے لئے تیسرے فریق کی ثالثی کی پیشکش پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام ایسی ہر پیشکش کا خیرمقدم کریں گے جو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہو اور جس میں کشمیریوں کی مرضی و منشاء کو شامل کیا گیا ہو۔
خبر کا کوڈ : 818210
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش