0
Thursday 26 Sep 2019 11:20

بھارت زیادہ دیر کشمیریوں کو غلام نہیں رکھ سکتا، صادق سنجرانی

بھارت زیادہ دیر کشمیریوں کو غلام نہیں رکھ سکتا، صادق سنجرانی
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ دنیا کو محفوظ اور پُرامن رکھنے کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل وقت کی ضرورت ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے بدترین مظالم ناقابل برداشت ہیں، 80 لاکھ افراد مقبوضہ وادی میں محصور ہیں، بھارت کی کسی بھی جارحیت سے گھبرانے والے نہیں، پوری قوم کشمیر کی آزادی کیلئے پاک فوج کیساتھ کھڑی ہے۔ زلزلہ سے ہونیوالے جانی و مالی نقصان پر پوری قوم افسردہ اور غمگین ہے، دہشتگردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے اور اتحاد بین المسلمین کیلئے مرکزی علماء کونسل کا کردار قابل تحسین ہے، علماء منبر و محراب سے اسلام کا صحیح چہرہ دنیا کے سامنے لائیں۔ یہ بات چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے مرکزی علماء کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی سے ملاقات کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں پنجاب کے جنرل سیکرٹری حافظ مقبول احمد بھی موجود تھے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ حکومت پاکستان کشمیریوں کا مقدمہ اقوام عالم کے سامنے بہتر اور دوٹوک انداز میں پیش کر رہی ہے۔ بھارت زیادہ دیر کشمیریوں کو غلام نہیں رکھ سکتا، بھارت کو جلد کشمیر سے اپنا قبضہ ختم کرکے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دینا ہوگا۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے زلزلہ متاثرین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہاکہ زلزلہ ایک قدرتی آفت اور ایک آزمائش ہے، پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، ابتدائی طور پر علاقے میں نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے، زمینی و فضائی جائزہ لیکر متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائی گی۔ چیئرمین مرکزی علماء کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے قومی وحدت کا فروغ ناگزیر ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول پر آئے روز عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان قابل مذمت اور بے بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج ہر قسم کی جارحیت کا جواب دینے کیلئے منظم ہے اور پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، آزادی کشمیر کی جدوجہد کو دہشتگردی سے جوڑنا بھارت کی ناکامیوں کا ثبوت ہے، بھارتی آرمی چیف کے الزام کی کوئی حقیقت نہیں، عالمی برادری بھارت کے ظالمانہ اقدامات کا نوٹس لے اور بھارت پر زور دے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرے اور ایسے بیانات اور اقدامات سے باز رہے جو پہلے سے کشیدہ ماحول کو مزید خراب کرنے کا باعث بنیں۔ اس موقع پر زلزلہ میں شہید ہونے والے افراد کیلئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کیلئے جلد صحت یابی کی دعا بھی کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 818444
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش