0
Saturday 28 Sep 2019 23:58

سندھ حکومت نے اہم سرکاری محکموں اور اداروں میں تقرریوں و تبادلوں کو کھیل بنا دیا

سندھ حکومت نے اہم سرکاری محکموں اور اداروں میں تقرریوں و تبادلوں کو کھیل بنا دیا
اسلام ٹائمز۔ سندھ حکومت نے اہم سرکاری محکموں اور اداروں میں تقرریوں اور تبادلوں کو کھیل بنا دیا ہے، ابھی کوئی افسر متعلقہ محکمے اور ادارے کے مسائل کو سمجھ ہی پاتا ہے کہ چند ماہ بلکہ چند ہفتوں بعد اچانک تبادلے کے احکامات جاری ہو جاتے ہیں، ادارہ ترقیات اور واسا حیدرآباد میں تو میوزیکل چیئر کا گیم جاری ہے۔ ادارہ ترقیات حیدرآباد، واسا اور اس کے دیگر شعبوں میں گزشتہ کئی برسوں سے حکومت اور وزیر بلدیات سندھ اہم مناصب پر مستقل تقرریوں سے گریز کرتے آرہے ہیں، افسران کو اضافی چارج دیا جاتا ہے یا آئندہ احکامات تک کیلئے ذمہ داریاں سونپی جاتی ہیں، اس سے ادارے بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں، ان میں مالی انتظامی مسائل بڑھ رہے ہیں اور شہریوں کے مسائل بھی حل نہیں ہو رہے، لاقانونیت اور مسائل میں اضافہ بھی ہو رہا ہے، جبکہ زیادہ افسران بھی اس کھینچا تانی سے بیزار ہیں۔

چند بااثر اور منظور نظر افسران کو اعلیٰ مناصب پر لانے کیلئے یہ اکھاڑ بچھاڑ جاری رہتی ہے، ایک منافع بخش منصب پر آتا ہے، تو چند ہفتے بعد اس سے بھی طاقتور اس کی جگہ لینے پہنچ جاتا ہے، یوں قانون ضابطے اور سپریم کورٹ کے احکامات کا مذاق اڑایا جاتا ہے۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق کسی افسر کو عارضی طور پر لگانے یا اضافی چارج دینے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ سندھ ہائیکورٹ حیدرآباد نے شہریوں کو صاف پانی فراہم نہ کئے جانے کے خلاف دائر کردہ ایک کیس میں سندھ حکومت کو ادارہ ترقیات حیدرآباد کا مستقل ڈائریکٹر جنرل تعینات کرنے کا حکم دیا تھا، جس پر حکومت نے 19گریڈ کے افسر محمد نواز سوہو کو 12 ستمبر کو ڈائریکٹر جنرل لگانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

اب 27 ستمبر کو معلوم نہیں کیوں انہیں ہٹا کر چیف فنانس افسر غلام محمد قائم خانی کو ڈی جی ادارہ ترقیات کا اضافی چارج دے دیا ہے، جبکہ اس سے پہلے بھی جب ان کے پاس چارج تھا، تو وہ مالی بحران اور مسائل حل کرنے کیلئے بھاگ دوڑ کر رہے تھے، تو انہیں ہٹا دیا گیا تھا، ادھر 19 گریڈ کے افسر ایڈیشنل ایم ڈی واسا کو 23 جولائی کو ایم ڈی واسا لگانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا اور مظفر میمن کو ان کی جگہ لگایا گیا تھا، لیکن اب 26 ستمبر کو اچانک نہ جانے کیوں سلیم الدین کو ایڈیشنل ایم ڈی بنا دیا گیا ہے اور مظفر میمن کو ایم ڈی واسا بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 818958
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش