0
Tuesday 1 Oct 2019 16:31

یمن کے مظلوموں کیخلاف اقوام متحدہ میں پاکستان کا ووٹ دینا درست نہیں، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

یمن کے مظلوموں کیخلاف اقوام متحدہ میں پاکستان کا ووٹ دینا درست نہیں، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کی جانب سے کیتھولک کلب کراچی میں مذہبی، سیاسی جماعتوں، وکلاء، پولیس حکام، دانشوروں، الیکٹرونک، پرنٹ  میڈیا، صحافی حضرات، تاجر برداری، مساجد و امام بارگاہ کے ٹرسٹیز، اسکاؤٹ تنظیموں، ماتمی انجمنوں کے لئے بیاد شہدائے کربلا نیاز حلیم کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ باقر عباس زیدی، پی ایس پی کے رہنما آصف حسنین، حاجی انور، محمد دلاور، پی پی پی کے سہیل عابدی، فرید انصاری، امیر شاہ، ایم کیو ایم کے رہنما قمر عباس رضوی، معرف سیاسی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، دیوبند عالم دین علامہ منظر الحق تھانوی، عوامی تحریک کے آصف اللہ رکھا، پاکستان فلاح پارٹی کے جنید منشی، پیس کمیٹی کے چیئرمین اونگزیب سلطان، سماجی رہنما رمضان ناتھا، عوامی حقوق تنظیم کے چیئرمین سلیم سچوانی، الیکشن کمیشن کے ندیم جعفری، مجلس ذاکرین امامیہ کے صدر علامہ نثار قلندری، جعفریہ الائنس کے رہنما شبر رضا، بوہرہ کمیونٹی کے منصور جے، ظفر عباس جے ڈی سی، یوتھ فاؤنڈیشن کے محمد عسکری، شیعہ رہنما رضی حیدر، ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی رہنما مولانا نشان حیدر، ناصر الحسینی، کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل مولانا صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، علامہ سجاد شبیر رضوی، مولانا احسان دانش، معروف نعت خواں حکیم فیض سلطان قادری، بوتراب اسکاؤٹس کے محمد ضامن، سید ناصر آغا، نقی لاہوتی، علی رضا جعفری، انوار رضوی سمیت دیگر جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

نیاز حلیم کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ کربلا کے شہیدوں کی یاد منانا اس دور میں افضل ترین عمل ہے، کیونکہ ظالم سے نفرت اور مظلوم کی حمایت کو جو درس امام حسین علیہ السلام اور ان کے جانثار ساتھیوں نے اپنے شہادت کے ذریعے پیش کیا ہے وہ تاقیامت زندہ رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ہم لوگ اس محفل میں امام حسین (ع) کے نام پر جمع ہوئے ہیں، امام حسین (ع) نے کہا تھا کہ اگر یزید جیسا حاکم اسلام پر نافذ ہوجائے تو اسلام کی فاتحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام حسین (ع) کا قیام ظالم کے مقابلے پر تھا، دنیا میں انبیاء علیہ السلام کو ظالم کیخلاف قیام کیلئے بھیجا گیا تھا۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے مزید کہا کہ ہمارے شہید قائد کہتے تھے کہ ہم مظلوم کے حامی اور ظالم کیخلاف ہیں، آج کشمیر، بحرین، یمن، روہنگیا سمیت جہاں جہاں ظالموں کا ظلم ہے ہم اس کیخلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کشمیریوں کی حمایت ایسے کرنی ہے کہ ہمارا ہاتھ ظالم مودی کے گریباں پر ہو، کشمیریوں کو انکے حقوق ملنے چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کو طاقتور بنایا گیا ہے، آج وہ اسرائیل کو منہ توڑ جواب دیتے ہیں، اگر کشمیریوں کو فلسطین کی طرح سپورٹ کیا جاتا تو آج مودی کی یہ جرات نہیں ہوتی۔ علامہ راجہ ناصرعباس نے مزید کہا کہ عمران خان نے اقوام متحدہ میں کشمیر کا مقدمہ اچھے سے لڑا، شاہ محمود قریشی ایک ناکام وزیر خارجہ ہے، پاکستانی وزارت خارجہ کشمیر کا بھرپور مقدمہ لڑنے میں ناکام رہی۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وزیر خارجہ کو کشمیریوں سے خیانت پر تبدیل ہوجانا چاہیئے، یمن کے مظلوموں کیخلاف پاکستان کا ووٹ دینا درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک شخص پاکستان کی خارجہ پالیسیوں کا فیصلہ لینے والے کون ہوتا ہے، پاکستان کا وزیر خارجہ ایک شجاع اور بہادر ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں جو بھی ظالم ہے وہ اس دور کا یزید ہے، آج پاکستان میں مسنگ پرسنز کا ایشو ریاستی اداروں کے منہ پر داغ ہے، مسنگ پرسنز کے بوڑھے ماں باپ، بیٹیاں، انکی جوان بیویاں آج در در کی ٹھوکریں کھا رہی ہیں، ہم پاکستان کے ان مسنگ پرسنز کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جب تک زندہ ہیں ظالموں کے ظلم پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔ نیاز حلیم سے خطاب کرتے ہوئے پی ایس پی رہنما آصف حسنین کا کہنا تھا کہ کراچی کی عوام مظلوم کشمیریوں کیساتھ ہے ۔ ہم امام حسین (ع) سے درس حریت لیتے ہوئے ہر فورم پر کشمیریوں کے لئے آواز اٹھائیں گے۔ اپنے خطاب میں ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی میں مسنگ پرسنز کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں ۔ انہوں نے مزیدکہا کہ ہم ان لاپتہ افراد کو بازیاب کروانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 819456
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش