0
Saturday 12 Oct 2019 12:39

ترکی مسلم کرد بھائیوں کے حوالے سے عفو و درگزر سے کام لے، عاکف سعید

ترکی مسلم کرد بھائیوں کے حوالے سے عفو و درگزر سے کام لے، عاکف سعید
اسلام ٹائمز۔ سعودی عرب ایران تنازعہ میں پاکستان کا ثالثی کا کردار انتہائی خوش آئند ہے۔ یہ بات تنظیم اسلامی کے امیر حافظ عاکف سعید نے لاہور میں ملاقات کرنیوالے وفد سے گفتگو میں کہی۔ اُنھوں نے کہا کہ عالمی طاقتوں خصوصاً امریکہ، اسرائیل اور انڈیا کا ابلیسی اتحادِ ثلاثہ مسلمان ممالک کوآپس میں لڑا کر اپنے مذموم عزائم کی تکمیل چاہتا ہے اور بدقسمتی سے مسلم حکمران اپنی لا علمی اور نا اہلی کی وجہ سے ان کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں اور خود ہی اُمت کے اجتماعی مفادات کے خلاف سرگرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نزدیک پاکستان کو ثالثی کے اس کردار کیلئے بہت جانفشانی سے کوشش اور محنت کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ اس وقت امت کے اتحاد میں ہی پاکستان کا مفاد بھی مضمرہے۔ عاکف سعید کا کہنا تھا کہ حقیقت یہ ہے کہ مسلمان ممالک متحد ہو کر ہی اسلام دشمن قوتوں کے عزائم کو خاک میں ملا سکیں گے۔
 
شام کی تازہ ترین صورتحال اور ترکی کی طرف سے شام میں جاری فوجی آپریشن پر تبصرہ کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ عالمی طاقتوں نے شام میں خانہ جنگی اور انتشار پیدا کرکے بہت حد تک اپنے مقاصد حاصل کرلیے ہیں اور مزید مذموم مقاصد کے حصول کے لیے وہاں اب مسلم ممالک کو آپس میں اُلجھانا اور لڑانا چاہتی ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ ہم ترکی کی حکومت کو مسلمان ہونے کے ناطے مشورہ دیں گے کہ وہ اپنے مسلم کرد بھائیوں کے حوالے سے عفو ودرگزر سے کام لیں اوراندھی طاقت کے استعمال کی بجائے بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل ڈھونڈیں، حقیقت یہ ہے کہ غیر مسلم قوتوں خصوصاً امریکہ اور اسرائیل کا کسی بھی معاملے میں اعتبار نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلم ممالک آپس میں اتحاد و اتفاق پیدا کریں تاکہ غیروں کی سازشوں کا موثر مقابلہ کرسکیں اور بحیثیت مسلمان اپنے اصل نصب العین یعنی اسلامی نظام کے قیام کی بھرپور جدوجہد کریں تاکہ اللہ تعالیٰ کی تائید اور نصرت شامل حال ہواور ہم دنیا و آخرت میں سرخرو ہو سکیں۔
خبر کا کوڈ : 821608
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش