0
Sunday 20 Oct 2019 17:01
جے یو آئی مذاکرات کا تنہا فیصلہ کیسے کر سکتی ہے، پیپلزپارٹی

جے یو آئی نے حکومتی کمیٹی سے آج ہونیوالے مذاکرات منسوخ کر دیئے

جے یو آئی نے حکومتی کمیٹی سے آج ہونیوالے مذاکرات منسوخ کر دیئے
اسلام ٹائمز۔  رہنما جے یو آئی (ف) مولانا عبدالغفور حیدری نے قائم مقام صدر صادق سنجرانی کو فون کرکے آج شام ہونے والی ملاقات کی منسوخی سے آگاہ کیا ہے۔ مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا ہے کہ ہم نے تمام صورتحال سے صادق سنجرانی کو آگاہ کر دیا ہے، اُمید ہے صادق سنجرانی جلد رہبر کمیٹی سے رابطہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق جے یو آئی (ف)  کا کہنا ہے کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کا فیصلہ رہبر کمیٹی کرے گی جس کا اجلاس 22 اکتوبر کو اسلام آباد میں طلب کرلیا گیا ہے۔ جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے اپوزیشن رہنماؤں سے مشاورت کے بعد مذاکرات کا اختیار رہبر کمیٹی کو دیا ہے۔ واضح رہے کہ جے یو آئی (ف) نے حکومت سے مذاکرات کے لئے چار رکنی کمیٹی قائم کی تھی، جس میں مولانا عبدالغفور حیدری، اکرم درانی، مولانا عطاء الرحمٰن اور سینیٹر طلحہ محمود شامل تھے۔ دوسری جانب حکومتی کمیٹی میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر مذہبی امور نور الحق قادری، اسد عمر، چوہدری پرویز الٰہی اور وزیر تعلیم شفقت محمود شامل تھے۔

ادھر آزادی مارچ کے معاملے پر حکومتی کمیٹی اور جے یو آئی کے درمیان آج ہونے والے مذاکرات منسوخ کئے جانے کی وجوہات بھی سامنے آ گئیں، مولانا فضل الرحمٰن نے اپوزیشن سے مشاورت کے بعد مذاکرات کا اختیار رہبر کمیٹی کو دے دیا۔ حکومت اور جے یو آئی (ف) کے مذاکرات کی منسوخی کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی، بتایا گیا ہے کہ حکومتی کمیٹی سے مذاکرات کرنے پر پیپلزپارٹی مولانا فضل الرحمٰن سے ناراض ہو گئی، پیپلز پارٹی کی جانب سے کہا گیا کہ جے یو آئی مذاکرات کا تنہا فیصلہ کیسے کر سکتی ہے، مذاکرات سے پہلے دیگر جماعتوں کو اعتماد میں لیا جانا چاہیئے تھا۔ مولانا فضل الرحمٰن نے پیپلزپارٹی کو منانے کی کوشش کرتے ہوئے پی پی رہنما نیئر بخاری سے رابطہ کیا۔

جس پر نیئر بخاری نے تحفظات سے متعلق مولانا فضل الرحمٰن کو آگاہ کیا جس پر مولانا فضل الرحمن نے نیئر بخاری کو مذاکرات منسوخ کرنے سے متعلق آگاہ کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام فیصلے مشترکہ ہوں گے، اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لے کر آگے بڑھیں گے، دوسری جانب نیئر بخاری نے فضل الرحمٰن کا موقف بلاول بھٹو کے سامنے رکھنے کیلئے وقت مانگ لیا ہے۔ یاد رہے کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی جانب سے چئیرمین سینٹ صادق سنجرانی اور جے یو آئی رہنما عبدالغفور حیدری کے درمیان  آج ملاقات طے پائی تھی، جس میں دونوں جانب سے آزادی مارچ پر تحفظات ایک دوسرے کے سامنے پیش کئے جانے تھے۔
 
خبر کا کوڈ : 823076
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش