0
Thursday 24 Oct 2019 23:34

قوم نے ثابت کردیا کہ ایم کیو ایم پاکستان ہر مشکل اور ہر بوجھ تنہا نہیں اپنی عوام کیساتھ اٹھاتی ہے، عامر خان

قوم نے ثابت کردیا کہ ایم کیو ایم پاکستان ہر مشکل اور ہر بوجھ تنہا نہیں اپنی عوام کیساتھ اٹھاتی ہے، عامر خان
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے کہا کہ حالات کتنے ہی سنگین کیوں نہ ہوں قوم کا اتحاد اسے درست کردیتا ہے، آج آپ نے اور قوم نے یہ بات ثابت کردی کہ ایم کیو ایم پاکستان ہر مشکل ہر بوجھ تنہا نہیں اپنی عوام کیساتھ اٹھاتی ہے، جہاں قوم اور تنظیم یک مشت ہوں وہاں شکست دشمنوں کا مقدر ہوتی ہے۔ یہ بات عامر خان نے کورنگی کراچی میں جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب میں کہی۔ اجلاس میں ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل، رکن رابط کمیٹی ابوبکر صدیق، سی او سی انچارج فرقان اطیب، جوائنٹ سی او سی انجارج محمد شریف خان، شعبہ خواتین کی جوائنٹ انچارج قرۃ العین باجی، رکن صوبائی اسمبلی غلام جیلانی نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں عامر خان نے کہا کہ اگر آپ نے ذہنی طور پر شکست تسلیم کرلی تو لاکھوں لوگوں کا بھی مقدر شکست ہوجاتی ہے اور اگر آپ کامیابی کا سفر شروع کرتے ہیں تو کروڑوں لوگوں کا مقدر فتح ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہری سندھ میں بسنے والے لوگوں کے ساتھ ہیں، ہم کام کریں یا نا کریں ہمیں ڈھونڈنے کی ضرورت نہیں ایم کیو ایم پاکستان آپ کے شانہ بشانہ ہے۔

عامر خان نے کہا کہ تنظیم میں کچھ سوچ کر نہیں آنا چاہیئے، انفرادی سوچ کو بالائے طاق رکھ کر اجتماعی سوچ کو آگے بڑھانا چاہیئے اس سے سب کا فائدہ ہوگا، ہمیں آپس میں اتحاد کو پروان چڑھانا ہے، جو طاقتیں ہمیں غلامی کی طرف دھکیل رہی ہیں ان کی سازش کو اپنے اتحاد کے ذریعے ناکام بنائیں گے، آپ جیسے آج متحد ہیں یہ ایک بڑی کامیابی کی طرف اشارہ ہے۔ عامر خان نے کہا کہ 1200 سے زائد ساتھی جیلوں میں اسیر تھے جن کی تعداد اب تواتر سے کم ہورہی ہے، لاکھوں روپے شہداء کے گھروں کو جاتے ہیں جن میں اسیروں کی ضمانت کی بھی رقم کا بندوبست کیا جاتا ہے، یہاں ہم سب ایم کیو ایم پاکستان کے کارکن کی حیثیت سے بیٹھے ہیں، اس لئے پریشانی بھی یکساں ہے جسے ہم مل جل کر حل کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 823859
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش