0
Sunday 3 Nov 2019 09:02
ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے

کشمیری غیر مسلم ہوتے تو پوری دنیا میں بھونچال آچکا ہوتا، خادم رضوی

کشمیری غیر مسلم ہوتے تو پوری دنیا میں بھونچال آچکا ہوتا، خادم رضوی
اسلام ٹائمز۔ مینار پاکستان گراونڈ میں تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ مرکزی امیر تحریک لبیک مولانا خادم حسین رضوی نے کانفرنس میں خصوصی شرکت کی۔ کانفرنس کا بنیادی مقصد کشمیر کے ایشو کو اجاگر کرنا تھا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں تاریخی مینار پاکستان گراونڈ میں تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے سالانہ ’’لبیک یارسول اللہ کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں علماء کرام اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ مرکزی امیر تحریک لبیک خادم حسین رضوی نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا بنیادی مقصد کشمیر کے ایشو کو اجاگر کرنا ہے، بھارتی سرکار نے تین ماہ سے کشمریوں کو محصور کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عالمی برادری کے رویئے اور خاموشی کی بھی مذمت کرتے ہیں، یہ مسئلہ چونکہ مسلمانوں کا ہے، اس لئے عالمی برادری نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے، یہ اگر غیر مسلم ہوتے تو آج پوری دنیا میں بھونچال آچکا ہوتا۔

خادم رضوی نے کہا کہ حکومت خود کو معاشی طور پر اتنا مضبوط کرے کہ ہمیں اپنے مسائل کے حل کیلئے کسی کی طرف دیکھنا بھی نہ پڑے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، ہمیں کسی انتشار کو ہوا دینے کے بجائے متحد ہونا ہوگا۔ کانفرنس میں شریک علماء کرام کا کہنا تھا کہ ہمارے کشمیری بہن بھائیوں کو اس وقت ہماری ضرورت ہے اور ہم ان کو کسی بھی میدان میں تنہا نہیں چھوڑیں گے، کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور ان شاءاللہ وہ دن دور نہیں، جب کشمیر آزاد اور پاکستان کا حصہ ہوگا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت مشکل وقت سے دوچار ہے اور اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ امت کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جائے۔ انہوں نے دھرنوں اور احتجاج کی بھی مذمت کی۔ مقررین نے کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان ادھورا ہے اور کشمیریوں کیلئے ان کی جدوجہد آزادی کی حمایت تکمیل پاکستان کی جدوجہد ہے۔
خبر کا کوڈ : 825358
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش