0
Wednesday 6 Nov 2019 22:15

ناکارہ اور ناپسندیدہ حکومت کو بھی جتھوں کے ذریعے گرانا مناسب عمل نہیں ہے، چوہدری نثار

ناکارہ اور ناپسندیدہ حکومت کو بھی جتھوں کے ذریعے گرانا مناسب عمل نہیں ہے، چوہدری نثار
اسلام ٹائمز۔ سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ دھرنوں کی غلط روایت عمران خان نے ڈالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا دھرنا غلط تھا تو یہ دھرنا بھی غلط ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) سے طویل سیاسی وابستگی رکھنے والے چودھری نثار علی خان نے کہا کہ افسوسناک امر ہے، لیکن سچائی یہی ہے کہ  آج سیاست میں سچ سے زیادہ منافقت بکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی جماعتوں کو تو جتھے اکٹھے کرنے میں کوئی مشکل نہیں ہے۔ چودھری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ پہلے بھی کہا تھا کہ دھرنوں کے ذریعے حکومت تبدیل کرنا غلط روایت ڈالے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے اس وقت بھی کہا تھا کہ ایک جتھہ جائے گا تو دوسرا آجائے گا۔

چودھری نثار علی خان نے کہا کہ ناکارہ اور ناپسندیدہ حکومت کو بھی جتھوں کے ذریعے گرانا مناسب عمل نہیں ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر حکومت پولیس کے ساتھ کھڑی ہو تو اس میں یہ اہلیت ہے کہ وہ ان جتھوں کو روک سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جو شخص دھرنوں کو غلط کہہ رہا تھا وہ آج دھرنے کو ٹھیک کہہ رہا ہے۔ چودھری نثار علی خان نے واضح کیا کہ اگر دھرنا ایک دفعہ بیٹھ جائے تو اسے دوبارہ  اٹھانا مشکل ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ملک بہت سے سیکورٹی ایشوز میں گھرا ہوا ہے۔ چودھری نثار علی خان نے ایک سوال کے جواب میں واضح طور پر کہا کہ بھارتی سکھوں کو بنا پاسپورٹ کے پاکستان میں داخلے کی اجازت دینا کسی بھی صورت میں درست فیصلہ نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 825974
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش