0
Friday 8 Nov 2019 16:34

پاکستان میں تمام مذاہب کو مکمل مذہبی آزادی ہے، زاہد حبیب

پاکستان میں تمام مذاہب کو مکمل مذہبی آزادی ہے، زاہد حبیب
اسلام ٹائمز۔ سنی تحریک پنجاب کے جنرل سیکرٹری پنجاب محمد زاہد حبیب قادری نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں تمام مذاہب کو آئین و قانون کے مطابق مذہبی سیاسی مکمل آزادی حاصل ہے، کسی کو مذہب کارڈ استعمال کرکے افراتفری و انتشار کی فضاء قائم کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ سکھوں، ہندوؤں، عیسائیوں سمیت تمام مذاہب پاکستان کی سرزمین پر مکمل طور پر آزاد اور محفوظ ہیں۔ محمد زاہد حبیب قادری نے کہا کہ کرتارپور راہداری سے پاکستان آنیوالی سکھ برادری کو خوش آمدید کہیں گے، پاکستان نے ثابت کردیا کہ یہاں تمام مذاہب کو مکمل آزادی اور تحفظ حاصل ہے، نام نہاد سیکولر بھارت سکھوں سمیت دیگر اقلیتوں کو بھارت ہی میں مذہبی آزادی دینے سے خوفزدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نہتے کشمیریوں پر مظالم سے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے، عالمی برادری انتہاء پسند نریندر مودی کے سامنے گٹنے ٹیک چکی ہے، کشمیریوں کو آزادی ان کا حق ہے جو کہ بھارت اپنا تسلط زیادہ دیر تک قائم نہیں رکھ پائے گا، امن کو کمزوری مت سمجھا جائے، کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فضل الرحمن جن ''مسنگ پرسنز'' کی بات کرکے پاک افواج کو بدنام کرنے کی سازش کر رہے ہیں، قوم کو بتائیں کہ 80 ہزار پاکستانی شہداء کے قاتل یہی ''مسنگ پرسنز'' ہیں، مذہب کارڈ کھیل کر فضل الرحمن دینی طبقہ میں مذہبی، فرقہ واریت کا انتشار پیدا کرنے کی کوش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماہ مقدس ربیع الاول کے موقع پر کسی کی پلید سیاست کو نہیں چلنے دیں گے، نام نہاد آزادی مارچ اور دھرنا میں سیرت مصطفی(ص) کانفرنس کا انعقاد مذہب اور سیرت مصطفی(ص) سے مذاق کے مترادف ہے، فضل الرحمن سادہ لوح مسلمانوں کو جس ایجنڈے پر جمع کر کے لائے یہ نہ صرف ان کے ساتھ دھوکا ہے بلکہ خود اپنے ضمیر سے بھی سیاسی جھوٹ بولا۔
خبر کا کوڈ : 826253
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش