0
Friday 22 Nov 2019 22:47

کرم میں پاک افغان سرحد پر تاجروں کا غیر ضروری سختیوں کیخلاف احتجاج

کرم میں پاک افغان سرحد پر تاجروں کا غیر ضروری سختیوں کیخلاف احتجاج
اسلام ٹائمز۔ ضلع کرم میں پاک افغان سرحد پر تاجروں نے غیر ضروری سختیوں کیخلاف احتجاج شروع کردیا ہے اور کہا ہے کہ طورخم اور غلام خان بارڈر جیسے قوانین کے نفاذ تک ان کا احتجاج جاری رہے گا۔ ضلع کرم کے سرحدی علاقے خرلاچی میں پاک افغان سرحد پر تاجر برادری کے احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے تاجر رہنماء زینت علی، عابد خٹک، ملک زرتاج علی، مصائب حسین اور دیگر نے کہا کہ ضلع کرم میں خرلاچی پاک افغان سرحد پر غیر ضروری سختیوں کی وجہ سے تجارت ختم ہوکر پانچ فیصد رہ گئی ہے اور تاجروں کے ساتھ ٹرانسپورٹرز اور مزدور طبقہ بھی بے روزگار ہوگیا ہے، جس کی وجہ سے وہ احتجاج پر مجبور ہوگئے ہیں اور احتجاجاً تجارت بند کردی ہے۔

تاجر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ غلام خان اور طورخم بارڈر کی طرز پر خرلاچی بارڈر پر گاڑیوں کو آمد و رفت کی اجازت دی جائے، غلام خان اور طورخم بارڈر پر کسٹم کلیئرنس کے بعد گاڑیوں کو گیٹ پاس دیکر جانے کی اجازت دی جاتی ہے مگر خرلاچی بارڈر پر کلئیرنس کے بعد گڈز ڈیکلریشن طلب کیا جاتا ہے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ضلع کرم میں غیر ضروری سختیوں کی وجہ سے پاک افغان سرحد پر تجارت ختم ہوکر پانچ فیصد رہ گئی ہے، جس کی وجہ سے کاروباری لوگ بھی بیروزگار ہوگئے ہیں۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ طورخم کی طرز پر خرلاچی بارڈر پر بھی تجارت کو فروغ دیا جائے اور غیر ضروری سختیوں سے اجتناب کیا جائے ورنہ ان کا احتجاج جاری رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 828527
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش