0
Saturday 21 Dec 2019 21:40

آج جنرل پرویز مشرف کے حق میں پوری قوم کیساتھ افواج پاکستان اٹھ کھڑی ہے، مصطفیٰ کمال

آج جنرل پرویز مشرف کے حق میں پوری قوم کیساتھ افواج پاکستان اٹھ کھڑی ہے، مصطفیٰ کمال
اسلام ٹائمز۔ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ سابق صدر جنرل پرویز مشرف کے کیس پر سیاست ہرگز نہیں ہونی چاہیئے، ایم کیو ایم کا یہ کہنا کہ جنرل مشرف کے خلاف کارروائی اس لئے کی گئی کہ وہ اردو بولنے والے ہیں، یہ جنرل مشرف کیساتھ انتہائی زیادتی ہے کیونکہ اس بات سے ان کا قد چھوٹا کریں گے جو انکے ساتھ ظلم ہے، آج جنرل پرویز مشرف کے حق میں پوری قوم کیساتھ افواج پاکستان اٹھ کھڑی ہوگئی ہے، اگر کسی شخص نے تعصب کی بنیاد پر کوئی بات کی بھی ہے تو غلط کہی ہے، ہمیں عوام اور اداروں کا ردعمل دیکھنا چاہیئے جو کہ اطمینان بخش ہے نہ کہ صرف ایک فرد کے تعصب بھرے جملے کو، ہم جنرل مشرف کے خلاف فیصلے کو مسترد کرتے ہیں، اگر آرٹیکل 6 پر عملدرآمد کرنا ہی ہے تو اس کی پوری روح کیساتھ عمل کیا جائے، اس حساب سے کم ازکم 500 افراد کو پھانسی کی سزا ہونی چاہیئے، ایک فرد واحد کو نشانہ نہیں بنایا جاسکتا، پیرا گراف نمبر 66 نے جج کی ذہنیت اور اس بات کو واضح کردیا ہے کہ فیصلے میں ذاتی عناد، غصے اور دشمنی کا عنصر موجود ہے جس سے پورے کیس کی روح متاثر ہوچکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس بات پر تشویش ہوتی ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی جو جمہوریت کو بہترین انتقام قرار دیتی ہے، اس نے کبھی جنرل ضیاءالحق کے متعلق وہ زہر نہیں اگلا جو وہ جنرل پرویز مشرف کے خلاف اگلتی ہے جبکہ جنرل ضیاءالحق نے تو پیپلز پارٹی کے قائد ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی پر چڑھا دیا تھا۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفی کمال نے کراچی کی بزنس کمیونٹی کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں کوئی بھی فیصلہ لینے سے پہلے جنرل پرویز مشرف کی ملک کیلئے خدمات کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا، کوئی بھی عدالتی فیصلہ آمریت کی راہ میں رکاوٹ ثابت نہیں ہو سکتا، آمریت کا راستہ صرف اسی صورت میں رک سکتا ہے جب حکمران اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں گے، عوام کو بنیادی انسانی حقوق ہر حال میں دینے ہونگے، چاہے وہ انہیں کوئی شیروانی پہن کر دے یا پھر وردی میں، عوام اسی کے ساتھ کھڑی ہوگی جو انکے مسائل حل کرے گا، مذکورہ عدالتی فیصلے میں جو زبان استعمال کی گئی ہے وہ نامناسب ہے۔
خبر کا کوڈ : 834112
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش