0
Monday 30 Dec 2019 18:56

علم انسان کو پستی سے بلندی کی طرف لے جاتا ہے، طاہرالقادری

علم انسان کو پستی سے بلندی کی طرف لے جاتا ہے، طاہرالقادری
اسلام ٹائمز۔ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی امید نوجوان ہیں، جن کا شاندار مستقبل اعلیٰ تعلیم سے وابستہ ہے، پاکستان میں جدید علوم و فنون اور تحقیق کے شعبہ جات کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کی ضرورت ہے، عالم اسلام جب تک تحقیق سے وابستہ رہا دنیا کی امامت کرتا رہا، جب سے ہم نے علوم و فنون کو ثانوی حیثیت دی تو ہم ثانوی قوم ہی بن کر رہ گئے ہیں، طلبہ عصر حاضر کی جدید اور بامقصد تعلیم سے خود کو ہم آہنگ کریں، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی جدید علوم کے فروغ اور تحصیل میں ہے، قرآن و حدیث میں علم کو فلاح اور کامیابی کا ذریعہ قرار دیا گیا ہے، اہل علم کی بہت زیادہ فضیلت بیان کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علم انسان کو پستی سے بلندی کی طرف لے جاتا ہے، علم غیر تہذیب یافتہ اقوام کو تہذیب کی دولت سے مالا مال کرتا ہے، قرآن حکیم کی پہلی آیت جو اللہ تعالیٰ نے رسول اکر مﷺ پر نازل فرمائی وہ علم ہی سے متعلق ہے، علم انسان میں ایمان اور یقین کی دنیا آباد کرتا ہے اور بھٹکے ہوئے لوگوں کو سیدھا راستہ دکھاتا ہے، تعلیم و تربیت درس و تدریس دین اسلام کا جزو لاینفک ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج سکول آف اسلامک سائنسز ڈنمارک کے درس نظامی کے پہلے بیج کے فارغ التحصیل طلباء و طالبات سے بذریعہ ویڈیو لنک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ منہاج سکول آف اسلامک سائنسز ڈنمارک کے طلبا و طالبات نے درس نظامی الشہادۃ الثانویہ کی تکمیل پر ڈگری حاصل کر کے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی دنیا بھر کی تنظیمات میں پہلا اعزاز حاصل کیا ہے۔ منہاج سکول آف اسلامک سائنسز ڈنمارک میں کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز لاہور کے نصاب کے مطابق الشہادۃ الثانویہ کی تعلیم دی جاتی ہے، ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں منعقدہ کانووکیشن میں منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے قائدین، رفقاء، کارکنان، اساتذہ کرام، والدین اور کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے ڈگری حاصل کرنیوالے طلبہ و طالبات اور اساتذہ کرام کو مبارکباد دی۔ قائد منہاج القرآن نے منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک اور منہاج ایجوکیشن بورڈ کے عہدیداران مفتی ارشاد حسین سعیدی، حافظ محمد ادریس الازہری،شیخ محمد اشفاق، ڈاکٹر عرفان ظہور احمد، حافظ سجاد احمد، رضوان احمد چودھری، محمد بلال اوپل، محمد ادریس الازہری، شاہنواز اوپل، سجاد احمد ساہی و دیگر عہدیداران کو ان کی کاوشوں پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب میں محمود شاہ، قاری اللہ بخش نقشبندی، ظہیر عباس بلالی، علامہ محمد اعجاز ملک، علامہ اشتیاق الازہری، علامہ عتیق احمد ہزاروی، علامہ نفیس احمد و دیگر اہم شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 835634
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش