0
Saturday 4 Jan 2020 10:18

ایرانی و عراقی کمانڈرز کے قتل کے بعد پمپیو کے محمد بن سلمان سمیت دنیا بھر میں رابطے

ایرانی و عراقی کمانڈرز کے قتل کے بعد پمپیو کے محمد بن سلمان سمیت دنیا بھر میں رابطے
اسلام ٹائمز۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پمپیو نے ایرانی سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی اور عراقی حشد الشعبی کے نائب کمانڈر ابومھدی المھندس کو نشانہ بنائے جانے کے بعد سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کیساتھ ٹیلیفون پر رابطہ کیا جس میں سعودی ولی عھد محمد بن سلمان نے ایرانی تھریٹس کا جواب دینے کیلئے ریاض کیطرف سے واشنگٹن کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی۔ تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پمپیو نے ایرانی و عراقی معروف کمانڈرز کی شہادت کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں لکھا کہ میں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کیساتھ، ملک سے باہر امریکی افواج کی حمایت پر مبنی قاطعانہ دفاعی اقدام پر گفتگو کی ہے۔ پمپیو کا کہنا تھا کہ میں نے محمد بن سلمان کیساتھ ایرانی فوجی اشتعال انگیز کارروائی کے بارے میں بھی بات چیت کی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پمپیو نے اس دہشتگردانہ اقدام کے بارے میں برطانوی، فرانسوی، روسی اور دوسرے ممالک کے وزرائے خارجہ کیساتھ بھی گفتگو کی ہے۔

دوسری طرف روسی وزارت خارجہ نے جمعے کے روز اعلان کیا تھا کہ روسی وزیر خارجہ سرگئے لاوروف اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پمپیو کے درمیان ایرانی و عراقی کمانڈرز کی ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے ٹیلیفونک مذاکرات ہوئے ہیں۔ روسی وزارت خارجہ کے مطابق سرگئے لاوروف نے اپنے امریکی ہم منصب کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے ایک رکن ملک کا اقوام متحدہ کے دوسرے رکن ملک کے ایک اعلی سطحی افسر کو کسی تیسرے ملک میں اس ملک کی لاعلمی کے عالم میں ہوائی حملے کا نشانہ بنائے جانے کے اقدام کو اقوام متحدہ کی رو سے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور مذمت کے لائق قرار دیا تھا۔ سرگئے لاوروف کا کہنا تھا کہ امریکہ کے اس اقدام نے نہ صرف خطے کے امن و امان اور استحکام پر سخت برے اثرات ڈالے ہیں بلکہ اس نے خطے میں پہلے سے موجود مسائل کا حل تلاش کرنیکی کوششوں میں بھی پیچیدگیاں پیدا کر دی ہیں۔ لاوروف کا کہنا تھا کہ یہ امریکی اقدام وسطی ایشیا کی صورتحال کیلئے کسی طور بھی مددگار ثابت نہیں ہوا بلکہ اسکے برعکس، اس امریکی اقدام نے خطے کے تناؤ میں اضافے کی ایک نئی لہر کو جنم دیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 836419
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش