0
Friday 10 Jan 2020 19:29

شیعہ علماء کونسل نے جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کیخلاف یوم احتجاج منایا

اہل اسلام شہید قاسم سلیمانی کی خدمات کو کبھی نہیں بھولیں گے، سبطین سبزواری
شیعہ علماء کونسل نے جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کیخلاف یوم احتجاج  منایا
اسلام ٹائمز۔ علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر ملک بھر کی طرح پنجاب میں بھی شیعہ علماء کونسل نے محافظ مقامات مقدسہ جنرل قاسم سلیمانی، عراقی رضاکار فورس حشدالشعبی کے سربراہ ابومہدی المہندس اور ان کے بہادر رفقاء کی امریکی جارحیت کے دوران شہادت کیخلاف جمعتہ المبارک بطور یوم احتجاج منایا۔ اس موقع پر خطبات جمعہ میں علمائے کرام نے اتحاد امت پر زور دیتے ہوئے اسلامی ممالک کے عسکری تعاون اور او آئی سی کو متحرک کرنے کے حوالے سے قراردادیں بھی منظور کیں۔ سانحہ بغداد میں شہید ہونیوالوں کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور مجالس ترحیم کا انعقاد کیا گیا۔ نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد مساجد، مدارس اور امام بارگاہوں سے احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔

صوبائی صدر شیعہ علما کونسل شمالی پنجاب علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے امام بارگاہ مستری عبداللہ سیالکوٹ سے نکلنے والی ریلی کی قیادت کی اور ڈرماں والا چوک میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عراق انبیاء اور آئمہ کی سرزمین ہے۔ امریکی ڈرون حملے میں دو اسلامی ممالک سے زیادتی کی گئی۔ امریکہ کو عالمی قوانین کا احترام ہے اور نہ ہی انسانیت کا احساس۔ جنرل قاسم سلیمانی سعودی عرب اور ایران کے درمیان صلح کے حوالے سے عراقی صدر کے پاس پیغام لیکر جا رہے تھے، جو امریکہ کے مفادات کیخلاف تھا۔ قاسم سلیمانی کو دور حاضر کا مالک اشتر قرار دیتے ہوئے علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ بہادر ایرانی جنرل نے اسلامی تحریکوں کو یکجا کیا اور داعش جیسی دہشتگرد تنظیم کو ختم کرکے نہ صرف امت مسلمہ بلکہ انسانیت کواس فتنے سے تحفظ فراہم کیا۔ قاسم سلیمانی سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے مزار مقدس کی حفاظت اور اس کی آزادی کیلئے جنگ کی قیادت بھی کرتے رہے، اہل اسلام شہید قاسم سلیمانی کی خدمات کو کبھی نہیں بھولیں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ اسلام اور اسلامی ممالک کے تحفظ کیلئے او آئی سی اپنی حیثیت کھو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی میڈیا شہید جنرل قاسم سلیمانی کو ہلاک کہہ کر مسلمانوں کے زخموں پر نمک چھڑک رہا ہے، میڈیا مالکان سے اس روش کو تبدیل کرنے کی اپیل ہے۔ صوبائی صدر نے افسوس کا اظہار کیا کہ ابھی تک وزیراعظم عمران خان اور وزارت خارجہ نے امریکی جارحیت کی مذمت تک نہیں کی۔ حکومت امریکی کٹھ پتلی کا کردار ادا کر رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان امریکہ کا غلام بننے کی بجائے قوم کی خودمختاری کا احساس کریں۔ واشنگٹن اور ریاض کی غلامی چھوڑ کر اسلام آباد کو مضبوط بنائیں۔ بہادری دکھائیں قوم ان کا ساتھ دے گی۔ شیعہ علما کونسل کے رہنما نے واضح کیا کہ پاکستان کی سرزمین ایران کیخلاف استعمال کی گئی تو عوام شدید مزاحمت کریں گے اور حکمرانوں پر واضح کرتے ہیں کہ وہ کٹھ پتلی بننے کی بجائے آزادی اور خودمختاری کا مظاہرہ کریں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ 12 جنوری بروز اتوار پنجاب اسمبلی سے امریکی قونصلیٹ تک امریکہ مردہ باد ریلی نکالی جائے گی جس میں شیعہ جماعتوں کے کارکن شریک ہوں گے۔ لاہور میں مسجد الحسین اچھرہ فیروز پور روڈ، مسجد الحائری وسن پورہ، جامعتہ المنتظر ماڈل ٹاون، مسجد و امام بارگاہ علی رضا گوندل چوک کچا جیل روڈ کوٹ لکھپت، مسجد و امام بارگاہ کربلا امامیہ کالونی، مسجد و امام بارگاہ زینب ٹھوکر نیاز بیگ اور دیگر مقاما ت پر امریکی جارحیت کی مذمت میں ریلیاں نکالی جائیں گئیں۔ مسجد الحسین ماربل مارکیٹ فیروز پور روڈ کے باہر ریلی سے مولانا حسن رضا قمی، مولانا حافظ کاظم رضا نقوی، مولانا مبشر نقوی، قاسم علی قاسمی، صغیر ورک اور دیگر رہنماوں نے ریلی کی قیادت کی۔
خبر کا کوڈ : 837701
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش