0
Sunday 19 Jul 2009 10:54

جنوبی وزیرستان،ڈرون حملہ،محسود کا دست راست کمانڈر ہلاک،اورکزئی ایجنسی بمباری سے حکیم اللہ کے 13ساتھی مارے گئے

جنوبی وزیرستان،ڈرون حملہ،محسود کا دست راست کمانڈر ہلاک،اورکزئی ایجنسی بمباری سے حکیم اللہ کے 13ساتھی مارے گئے
جنوبی وزیرستان،اورکزئی،راولپنڈی،مردان : جنوبی وزیرستان میں ڈرون حملے کے دوران بیت اللہ محسود کا دست راست کمانڈر عبداللہ شاہ محسود ہلاک اور 4جنگجو زخمی ہو گئے۔ اورکزئی ایجنسی میں جنگی طیاروں کی بمباری سے طالبان کمانڈر حکیم اللہ محسود کے 13ساتھی مارے گئے،2تربیتی مراکز اور گھر تباہ ہو گیا جبکہ سوات آپریشن میں کمانڈر ابوبکر سمیت 3شرپسند ہلاک ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی نے بتایا کہ جمعہ اور ہفتہ کی شب امریکی جاسوس طیارے نے جنوبی وزیرستان کی تحصیل لدھا میں جنگجو کمانڈر عبداللہ شاہ محسود کے گھر پر دو میزائل داغے۔ حملے میں مکان کا ایک حصہ تباہ ہو گیا جبکہ طالبان کمانڈر عبداللہ شاہ محسود ہلاک اور 4جنگجو زخمی ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق حملے کے وقت عبداللہ شاہ محسود کے گھر طالبان کا اجلاس ہو رہا تھا۔ علاوہ ازیں پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے امیر بیت اللہ محسود کے نائب حکیم اللہ محسود کی موجودگی کی اطلاع پر اپر اورکزئی ایجنسی کے علاقے مموزئی میں قائم دو تربیتی مراکز اور کمانڈر امین اللہ کے گھر پر بمباری کی جس سے گھر اور دونوں مراکز تباہ ہو گئے اور 13جنگجو ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ تاہم حکیم اللہ محسود کی ہلاکت کی تصدیق نہ ہو سکی۔ بی بی سی نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ بمباری میں کم سے کم 6افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جن میں 4شدت پسند شامل ہیں جبکہ 5افراد زخمی ہیں۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ بمباری میں علاقائی کمانڈر مولانا امین اللہ کے مکان اور قریبی مرکز کو نشانہ بنایا گیا جہاں مولانا امین اللہ کے مکان میں موجود 2خواتین بھی ہلاک ہوگئیں۔ دوسری جانب آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آپریشن راہ راست کامیابی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے۔ سوات کے علاقوں شانگلہ اور شکردرہ میں سرچ آپریشن کے دوران فورسز نے آر پی جی کے 3راکٹ،81مارٹر گولے، بارودی سرنگیں برآمد کیں۔ چمتلائی میں سرچ آپریشن کے دوران کمانڈر ابوبکر سمیت 2جنگجو مارے گئے۔ کانجو میں ایک شرپسند ہلاک اور 4شرپسندوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ بونیر میں ڈگر کے قریب علاقہ باجکٹہ میں بھی عسکریت پسندوں کے 7ٹھکانے تباہ کر دیئے گئے۔ بنوں میں جنڈولہ کے قریب دہشتگردوں کے حملے میں ایک اہلکار شہید ہو گیا جبکہ جانی خیل میں بارودی سرنگ پھٹنے سے 3اہلکار زخمی ہو گئے۔ علاوہ ازیں مردان سے گزشتہ روز 700متاثرہ خاندان مختلف کیمپوں سے سوات اور بونیر کیلئے روانہ ہوئے، مردان کے چار بڑے کیمپوں شیخ شہزاد، شیخ یاسین، جلالہ اور مزدور آباد کے ریلیف کیمپوں میں متاثرین الصبح سامان باندھے بیٹھے رہے لیکن حکومت کی جانب سے گاڑیوں کی تعداد کم ہونے پر متاثرین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

خبر کا کوڈ : 8396
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش