0
Monday 27 Jan 2020 14:31
آر پی او ڈیرہ کا دہشتگردوں کے حملے کا نشانہ بننے والی پوسٹ کا دورہ

مٹھی بھر دہشتگردوں کو بہت جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا، آر پی او ڈیرہ

پولیس کے جوانوں نے دہشتگردوں کا حملہ پسپا کرکے انہیں فرار پہ مجبور کیا
مٹھی بھر دہشتگردوں کو بہت جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا، آر پی او ڈیرہ
اسلام ٹائمز۔ ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان سید محمد امتیاز شاہ نے تھانہ ڈیرہ ٹاؤن کی حدود میں واقع پولیس پوسٹ کھتی کا دورہ کیا، جہاں دہشتگردوں نے گذشتہ رات راکٹس اور ہینڈ گرینیڈز سے حملہ کیا تھا۔ آر پی او نے چیک پوسٹ پہ تعینات پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن (ر) واحد محمود بھی ان کے ہمراہ تھے۔ واضح رہے کہ گذشتہ شب نامعلوم دہشت گردوں نے رات کی تاریکی میں پولیس پوسٹ کھتی پر راکٹ لانچرز، ہینڈ گرینیڈ اور آتشیں اسلحہ سے حملہ کیا تھا، جس کو پولیس پوسٹ کھتی پر تعینات پولیس اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف ناکام بنایا تھا بلکہ دہشت گردوں کا جوانمردی کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے ان کو فرار پہ بھی مجبور کر دیا تھا۔

چیک پوسٹ پر تعینات پولیس اہلکار الرٹ ہونے کی وجہ سے ہر قسم کے جانی نقصان سے مکمل محفوظ رہے جبکہ حملہ کے نتیجے میں چیک پوسٹ کی عمارت کو جزوی طور پر نقصان پہنچا لیکن پولیس اہلکاورں کی فوری جوابی کاروائی کے نتیجہ میں دہشت گردوں کو بری طرح ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ رینج سید محمد امتیاز شاہ نے چیک پوسٹ پر تعینات جوانوں کو ان کی بہادری اور بہترین حکمت عملی کے ساتھ دہشت گردوں کامقابلہ کرنے پر شاباش دی اور انہیں نقد انعام سے نوازا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس فورس کی اس بہادری اور جوانمردی کے باعث اس علاقہ سے شر پسندوں اور دہشت گردوں کا خاتمہ ممکن ہوا ہے اور مزید مٹھی بھر دیگر شرپسندوں کو بھی بہت جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور مستقبل میں بھی ان کو اپنے ناپاک عزائم میں ناکامی ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ انشاءاللہ ہمیشہ پولیس فورس جوانمردی اور بہادری کا مظاہرہ کرتی رہے گی اور اس ملک و شہر کا امن خراب کرنے والے شر پسند عناصر کے خلاف اپنی کاروائیاں بھر پور انداز میں جاری رکھے گی۔
خبر کا کوڈ : 840960
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش