0
Thursday 13 Feb 2020 20:26

گلگت بلتستان حکومت مارچ میں تحلیل اور جون میں انتخابات کرانے پر غور

گلگت بلتستان حکومت مارچ میں تحلیل اور جون میں انتخابات کرانے پر غور
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان حکومت مارچ کے آخر یا اپریل کے اوائل میں ختم کرنے اور رمضان المبارک کے فوری بعد انتخابات کے انعقاد پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔ اہم ذرائع نے اسلام ٹائمز کو بتایا کہ صوبائی حکومت مارچ میں تحلیل ہوگی، جس کے بعد نگران حکومت کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ نگران حکومت رمضان المبارک کے فوری بعد یعنی جون میں الیکشن کا انعقاد یقینی بنائے گی۔ ذرائع کے مطابق آرڈر 2020ء میں نگران حکومت اور انتخابات کے حوالے سے شق بھی شامل کی جائے گی۔ دوسری جانب الیکشن ایکٹ 2017ء کو بھی گلگت بلتستان میں نافذ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق جون میں حکومت تحلیل ہونے اور پھر نگران حکومت کے قیام کے بعد الیکشن ستمبر میں ہونے کا امکان ہے، اس دوران محرم کا مہینہ آئے گا، محرم میں الیکشن کا انعقاد مشکل نظر آتا ہے۔ اس لئے وفاقی حکومت اس بات پر غور کر رہی ہے کہ مارچ یا اپریل میں صوبائی حکومت تحلیل کر دی جائے اور پھر مئی یا جون میں انتخابات کرائے جائیں۔

اس مقصد کیلئے آرڈر 2020ء میں ضروری شقیں شامل کرنے کے ساتھ ترامیم بھی شامل کی جائیں گی۔ اس حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکومت میں مکمل ہم آہنگی پیدا کرنے کی کوشش بھی کی جائے گی۔ تحریک انصاف سمیت اپوزیشن جماعتوں کی کوشش یہ بھی ہے کہ نون لیگ کی صوبائی حکومت رواں سال کا بجٹ پیش نہ کرے، کیونکہ رواں سال کا بجٹ بھی صوبائی حکومت کی جانب سے پیش کرنے کی صورت میں پوائنٹ سکورنگ کے امکانات بڑھ جاتے ہیں اور دوسری طرف اپوزیشن کو بھی اس پر شدید تحفظات ہوسکتے ہیں۔ اس لئے قبل از وقت انتخابات کے امکان پر سنجیدگی کے ساتھ غور ہو رہا ہے۔ ادھر صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ وہ مدت پوری کرے اور جون میں بجٹ بھی پیش کرے، لیکن تحریک انصاف مارچ یا اپریل میں ہی صوبائی حکومت کو تحلیل کروانے کیلئے کوشش کر رہی ہے۔ دوسری جانب اسلام ٹائمز نے صوبائی حکومت کے ذمہ داران سے اس حوالے سے رابطہ کیا تو انہوں نے کسی تبصرے یا موقف سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے صورتحال مکمل طور پر واضح ہونے پر ہی حکومت کا موقف پیش کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 844198
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش