0
Thursday 13 Feb 2020 09:02

ترک صدر آج 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے

ترک صدر آج 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے
اسلام ٹائمز۔ ترک صدر رجب طیب اردوان وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پر آج بروز جمعرات 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ترک صدر 13 سے 14 فروری کے دوران دونوں ممالک کے مابین روایتی یکجہتی اور تعلق کے فروغ اور پاک، ترک اسٹریٹیجک شراکت داری میں مزید توسیع کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گے۔

دورہ پاکستان میں رجب طیب اردوان کے ہمراہ ان کے کابینہ اراکین، سینئر حکومتی عہدیداران، معروف ترک کاروباری شخصیات بھی ہوں گی اور وہ وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ پاکستان، ترکی ہائی لیول اسٹریٹیجک کوآپریشن کونسل (ایچ ایل ایس سی سی) کے چھٹے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گی۔

علاوہ ازیں ترک صدر 14 فروری کو پارلیمان کے مشترکہ اجلاس کے ساتھ ساتھ پاکستان ترکی بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم سے بھی خطاب کریں گے۔ترکی اور پاکستان کے درمیان ایچ ایل ایس سی سی اجلاس میں اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کا بھی امکان ہے۔

رجب طیب اردوان دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت عارف علوی سے بھی ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ترکی کو پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کا حصہ بننے کی دعوت دیے جانے کا بھی امکان ہے۔
خبر کا کوڈ : 844230
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش