0
Saturday 22 Feb 2020 21:57

رکن پارلیمنٹ کی تضحیک، برطانیہ نے معاملہ بھارت کے سامنے اٹھانے کا عندیہ دیدیا

رکن پارلیمنٹ کی تضحیک، برطانیہ نے معاملہ بھارت کے سامنے اٹھانے کا عندیہ دیدیا
اسلام ٹائمز۔ برطانوی رکن پارلیمنٹ ہیلری بین نے کہا ہے کہ بھارت نے ڈیبی ابراہمز کے ساتھ افسوسناک سلوک کیا، اس معاملے کو مودی سرکار کے سامنے اٹھایا جائے گا۔ لندن میں ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے لیڈز سے منتخب ہونے والے برطانوی پارلیمنٹ کے رکن ہیلری بین نے کہا کہ ڈیبی ابراہمز کے ساتھ بھارت میں ہونے والا سلوک افسوسناک ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ رکن پارلیمنٹ ہونے کے باوجود بھارت نے ڈیبی کو اپنے عزیز و اقارب سے ملنے کی اجازت نہیں دی، کیونکہ انہوں نے بطور چیئرمین پارلیمان مسئلہ کشمیر پر بہت کام کیا، جس سے ہندوستان کو تکلیف پہنچی۔ رکن پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے سے پارلیمنٹ دوبارہ کھلے گی، جس کے بعد ڈیبی ابراہمز کے تحفظات پر غور کیا جائے گا اور اگر انہوں نے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کو پارلیمنٹ میں اُٹھایا تو حکومتی سطح پر بھارت کے ساتھ اس مسئلے پر بات اور احتجاج کیا جائے گا۔

ہیلری کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر بات چیت کے بغیر حل نہیں ہوسکتا اور اب اس مسئلے پر مذاکرات شروع ہونا بہت ضروری ہیں، کیونکہ کشمیر میں صورت حال بہت خوفناک ہے اور وہاں انسانی حقوق کی پامالیاں جاری ہیں۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کو روکنے کے لیے بات چیت شروع کی جائے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاک بھارت مذاکرات شروع ہوں، جو وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ یاد رہے کہ گذشتہ دنوں برطانوی رکن پارلیمنٹ 9 رکنی وفد کے ہمراہ بھارت پہنچیں تھیں، البتہ انہیں وہاں کی حکومت نے ائیرپورٹ سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی تھی اور پھر ڈیبی کو ڈی پورٹ کر دیا تھا۔ برطانوی رکن پارلیمنٹ 19 فروری کو اپنے وفد کے ہمراہ ڈی پورٹ ہونے کے بعد پاکستان پہنچیں تھیں۔
خبر کا کوڈ : 846184
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش