0
Thursday 5 Mar 2020 16:00

بین الاقوامی سطح پر جامعہ کراچی کے بین الاقوامی مرکز کے تجزیاتی معیار کا اعتراف

بین الاقوامی سطح پر  جامعہ کراچی کے بین الاقوامی مرکز کے تجزیاتی معیار کا اعتراف
اسلام ٹائمز۔ پاکستان نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسل (پی این اے سی)، وفاقی وزارت برائے سائنس اور ٹیکنالوجی نے تحقیقی و تجزیاتی بلندی معیار کے پیشِ نظر بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایسں) جامعہ کراچی کے صنعتی تجزیاتی مرکز (آئی اے سی) کو  ”سرٹیفیکیٹ آف ایکریڈیٹیشن“ دیا ہے، صنعتی تجزیاتی مرکز اعلیٰ پیشہ ورانہ ماحول کا حامل ہے، ایچ ای جے ریسرچ انسٹیٹوٹ کے تحت صنعتی تجزیاتی مرکز 500 سے زیادہ صنعتوں کو سائنسی جانچ پڑتال کی اعلیٰ سہولیات فراہم کررہا ہے، حال ہی میں کیماڑی گیس اخراج کے معاملے میں بھی اس ادارے نے تحقیقی و تجزیاتی سطح پر حکومت کی مدد کی تھی۔ یہ بات آئی سی سی بی ایسں جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے جمعرات کو بین الاقوامی مرکز کے صنعتی تجزیاتی مرکز میں ایک اجلاس سے خطاب کے دوران کہی۔ پروفیسر اقبال چوہدری نے کہا کہ آئی اے سی تمام تر پیشہ ورانہ خدمات ایچ ای جے ریسرچ انسٹیٹوٹ آف کیمسٹری جامعہ کراچی کے تحت سر انجام دیتا ہے، وفاقی ادارے کی جانب سے بین الاقوامی مرکز کے تحقیقی اور تجزیاتی معیار کا اعتراف پوری جامعہ کراچی کے لئے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسل اُن تحقیقی مراکز یا تجربہ گاہوں کے معیار کی شناخت  اور توثیق کرتی ہے جو متعدد سائنسی شعبہ جات بشمول مائیکروبائیولوجیکل، کیمیکل، فوڈ، تعمیرات، ماحولیات، ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل وغیرہ میں تجربات کرتے ہیں۔

انہوں نے پروفیشینسی ٹیسٹ (پی ٹی) کے متعلق کہا کہ صنعتی تجزیاتی مرکز آئی ایس او (ISO) کے معیار ISO/IEC 17043 پر تسلیم شدہ ادارہ ہے، پروفیشینسی ٹیسٹ دراصل آئی ایس او کے متعلقہ معیار کا اہم عنصر ہے جس کے ذریعے سے تجزیاتی عمل کی توثیق کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی تجزیاتی مرکز میں قائم خصوصی حلال تجرباتی لیبارٹری میں غذا، کاسمیٹکس، ادویات میں موجود غیر حلال اجزاء کی تجزیاتی سروس بھی جاری ہے، اس تجزیاتی مرکز میں سائنسدان مختلف تجربات سے متعلقہ اشیاء میں غیر حلال کیمیائی و حیاتیاتی اور مصنوعی اجزاء کی موجودگی کی جانچ پڑتال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈونیشیاء نے پاکستان سے انڈونیشیاء برآمد ہونے والی غذائی اشیاء کی تحقیقی جانچ پڑتال کے لئے ایچ ای جے ریسرچ انسٹیٹوٹ جامعہ کراچی کی ہی خدمات حاصل کی ہیں، انڈونیشین ایگریکلچر قوارنٹین ایجنسی نے پاکستان کے اس معروف تحقیقی ادارے کو معیاری لیبارٹری قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا یہاں پر تجزیاتی آلات پر بین الاقوامی معیار کی ٹریننگ بمعہ اسناد دی جاتی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 848560
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش