0
Saturday 7 Mar 2020 22:22

کراچی چلتا ہے تو ملک چلتاہے، اس کی تعمیر و ترقی کیلئے تعاون جاری رکھیں گے، وزیراعظم پاکستان

کراچی چلتا ہے تو ملک چلتاہے، اس کی تعمیر و ترقی کیلئے تعاون جاری رکھیں گے، وزیراعظم پاکستان
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ کی تعمیر و ترقی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے تاکہ اسے بنیادی سہولیات کی دستیابی کے لحاظ سے ملک کے دیگر حصوں کے برابر لایا جاسکے اور عوام ان سے مستفید ہوسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پیکج کے ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے سلسلہ میں گورنرہاؤس میں منعقدہ تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مئیر کراچی وسیم اختر، وفاقی وزراء اسد عمر، علی حیدر زیدی، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ کراچی آنے کے لئے بالکل تیار تھے لیکن موسم کی خرابی کی وجہ سے وہ سفر نہیں کرسکے جس پر انہیں بہت افسوس ہے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ کراچی ملک کی معاشی شہ رگ ہے یہ چلتا ہے تو پاکستان چلتا ہے اور اگر اس میں کوئی خرابی آجاتی ہے تو اس سے ملک متاثر ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبہ میں حکومت نہ ہونے کے باوجود ہم کراچی کی تعمیر و ترقی کو بھرپور اہمیت دے رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد فنڈز صوبوں کے پاس ہیں لیکن پھر بھی وفاقی حکومت کراچی کے منصوبوں کے لئے رقوم مختص کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے شہر اپنے بلدیاتی نظام کے باعث ترقی کررہے ہیں، تہران یا ممبئی میں میئر بہت مضبوط ہیں جس کے باعث وہاں مسائل فوری طور پر حل ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس میں اصلاحات کے لئے بھی اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں کی گئی پولیس اصلاحات کی طرح صوبہ سندھ میں بھی پولیس کے نظام میں اصلاحات کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کئی منصوبوں پر کام کررہی ہے جس کی تفصیل سے گورنر سندھ آگاہ کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 849037
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش