0
Wednesday 18 Mar 2020 23:45

مولانا ناصر مدنی پر تشدد، وزیراعلٰی عثمان بزدار نے نوٹس لے لیا، 5 ملزمان گرفتار

مولانا ناصر مدنی پر تشدد، وزیراعلٰی عثمان بزدار نے نوٹس لے لیا، 5 ملزمان گرفتار
اسلام ٹائم۔ مذہبی اسکالر و خطیب مولانا ناصر مدنی کو تشدد کا نشانہ بنانے کے الزام میں پولیس نے پانچ ملزمان کو کھاریاں سے گرفتار کرلیا۔ پیر 16 مارچ کی شب ضلع گجرات کے علاقے کھاریاں میں ملزمان نے محمد ناصر مدنی کو برہنہ کرکے ویڈیو بنائی اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ محمد ناصر مدنی نے ملزمان کےخلاف تھانہ مزنگ لاہور میں مقدمہ درج کروایا تھا، جس پر پولیس نے کارروائی کرکے ملزمان کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔ ایف آئی آر کے مطابق رضوان عرف ملاں گوجر نامی شخص نے ناصر مدنی کو کھاریاں میں دعائیہ تقریب کے لئے دعوت دی تھی۔ مولانا ناصر مدنی کھاریاں پہنچے تو ملزمان نے پہلے کھاریاں کے مشہور ہوٹل سے مولانا اور ان کے ڈرائیور کو کھانا کھلایا۔

بعد ازاں ڈیرے پر لے جا کر کمرے میں بند کر دیا، جہاں تقریبا دس نقاب پوش افراد بھی آگئے اور مولانا ناصر مدنی کو برہنہ کرتے ہوئے ڈنڈوں اور پائپوں سے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ ملزم مولانا ناصر مدنی کی برہنہ حالت میں ویڈیو بھی بناتے رہے اور پھر دو سادہ کاغذوں پر ان سے دستخط بھی کروائے۔ ملزموں نے مولانا ناصر مدنی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے پاسورڈ بھی حاصل کرکے ان کا یوٹیوب چینل بھی ہیک کر لیا۔ علامہ ناصر مدنی کا کہنا تھا کہ ملزموں نے مجھے قانونی کارروائی کی صورت میں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی ہیں اور کہا ہے کہ جس دن آپ میڈیا کے سامنے گئے تو وہ دن آپ کی زندگی کا آخری دن ہوگا اور ہم آپ کو لاہور میں بھی مروا سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی واقعہ کا نوٹس لیا ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 851204
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش