0
Friday 20 Mar 2020 19:22

حکومت اپنی نااہلی اور سیاسی ساکھ بچانے کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہی ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں ، مولانا عبدالواسع

حکومت اپنی نااہلی اور سیاسی ساکھ بچانے کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہی ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں ، مولانا عبدالواسع
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے نوول کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حکومت کا بھرپور ساتھ دیا مگر حکومت اپنی نااہلی اور سیاسی ساکھ بچانے کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہی ہے جو ہمیں کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ حکومت کورونا کی روک تھام کی بجائے اس کو پھیلا رہی ہے، جمعیت علماء اسلام اور اپوزیشن جماعتوں کو مجبور نہ کیا جائے کہ وہ سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت کیلئے مشکلات پیدا کریں، چمن، قلعہ سیف اللہ، مسلم باغ اور کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں قرنطینہ سینٹرز کا قیام کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہاکہ جب اپوزیشن جماعتوں اور رہبر کمیٹی کا اجلاس ہوا تو حکومت کو تجویز دی گئی کہ تفتان کے بعد بلوچستان کے مختلف علاقوں میں قرنطینہ سینٹرز قائم نہ کئے جائیں اور نہ ہی ایران سے آنے والے زائرین کو صوبے کے مختلف راستوں سے گزار کر پنجاب، سندھ اور خیبر پشتونخوا کے سپرد کیا جائے کیونکہ اس سے وائرس مزید پھیل جائے گا مگر حکومت نے ہماری کوئی بات نہیں مانی۔

انہوں نے کہاکہ شنید میں آیا ہے کہ حکومت ایک بار پھر صوبے کے مختلف علاقوں میں ایران سے آنے والے زائرین کیلئے قرنطینہ سینٹرز بنا رہی ہیں جس سے اس وباء کے مزید پھیلنے کے خدشات ہیں، بلوچستان حکومت فنڈز کیلئے عوام کو قربانی کا بکرا نہ بنائے بلکہ مزید سخت اقدامات اٹھائیں، اپوزیشن جماعتیں اور جمعیت علماء اسلام کو مجبور نہ کیا جائے کہ وہ اس حوالے سے سڑکوں پر نکل آئے۔ انہوں نے کہاکہ ہم حکومت بلوچستان کو وارننگ دیتے ہیں کہ وہ اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کریں اور ایسا کوئی غلط فیصلہ نہ کرے جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، لاک ڈاؤن کرنے سے مسائل حل نہیں ہونگے حکومت کو چاہیئے کہ وہ عوام کو متبادل ذرائع فراہم کریں اگر ایسا نہ کیا گیا تو ہمیں ڈر ہے کہ حالات مزید گھمبیر ہو سکتے ہیں، اپوزیشن جماعتوں کو مجبور نہ کیا جائے کہ وہ سخت فیصلے کرنے پر مجبور ہوں۔
 
خبر کا کوڈ : 851563
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش