0
Thursday 26 Mar 2020 00:20

ایدھی، چھیپا، سیلانی اور جے ڈی سی جیسے رفاعی و فلاحی ادارے قوم کا اثاثہ ہیں، ناصر حسین شاہ

ایدھی، چھیپا، سیلانی اور جے ڈی سی جیسے رفاعی و فلاحی ادارے قوم کا اثاثہ ہیں، ناصر حسین شاہ
اسلام ٹائمز۔ وزیر بلدیات، جنگلات و اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت لاک ڈاؤن کے دوران رفاعی و فلاحی اداروں کے ساتھ مل کر لوگوں کو مفت راشن تقسیم کریگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی سے جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ایک اجلاس جس میں ایدھی، چھیپا، سیلانی، جے ڈی سی، عالمگیر، الخدمت سمیت دیگر فلاحی اور رفاعی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی، اس میں کورونا وائرس کے حوالے سے لاک ڈاؤن کے دوران ضرورت مندوں میں مفت راشن کی تقسیم کے حوالے سے تفصیلی غور اور حکمت عملی طے کی گئی۔ وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ غریب اور ضرورت مند مستحقین کے لئے کام کرنے والے رفاعی و فلاحی ادارے قوم کا اثاثہ ہیں اور یہ ادارے لاک ڈاؤن کے دوران حکومت کی جانب سے امدادی کاموں میں ہاتھ بٹانے کے حوالے سے کلیدی کردار ادا کررہے ہیں، ان تمام رفاعی اور فلاحی اداروں کی ضرورت مندوں کے لئے ماضی اور حال میں خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، اصل بڑے اور عظیم یہی لوگ ہیں جنہوں نے اپنی زندگیاں غریب، مستحق اور ضرورت مندوں کے لئے وقف کردی ہیں، حکومت تن نتہا کچھ نہیں کرسکتی، انہی عظیم لوگوں کے تعاون سے مشکل کی اس گھڑی میں سندھ حکومت مستحق لوگوں کی مددکو ممکن بنائے گی اور حکومت کی جانب سے مستحق لوگوں کو گھر گھر مفت راشن کی تقسیم یقینی بنائے گی، مشکل اور مصیبت کی اس گھڑی میں یہ ادارے حکومت کی جانب سے عوام کے لئے امید کی کرن ہیں۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران مستحق لوگوں کو مفت راشن کی تقسیم کے لئے رفاعی اور فلاح اداروں کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو کہ اس حوالے سے تمام معاملات کو دیکھے گی اور راشن کی بلا رنگ و نسل اور بلاتفریق تقسیم کو یقینی بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی، یہ کمیٹی ایک ایس ایم ایس نمبر بھی اس حوالے سے جاری کرے گی تاکہ ضرورت مندوں کو مفت راشن کی تقسیم کے حوالے سے گھر بیٹھے آسانی فراہم ہوسکے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت کے لئے یہ ایک بڑا چیلنج تھا کہ روز کمانے اور اپنا اور گھر والوں کا پیٹ بھرنے والوں تک کیسے پہنچا جائے اور کس طرح سے ان کی مدد کی جائے، تمام اداروں کے تعاون سے ایک سسٹم بنایا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران مستحقین و ضرورت مندوں تک کیسے پہنچا جائے اور روز کما کر کھانے والوں کی کس طرح مدد کی جائے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ تمام فلاحی و رفاعی اداروں نے اس عزم و حوصلے کا اظہار کیا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں وہ حکومت کے ساتھ ہیں اور ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہیں، لاک ڈاؤن کے دوران حکومت کی جانب سے انہیں جو بھی ٹاسک دیا جائے گا وہ اسے پورا کریں گے اور حکومت کے تعاون سے وہ پہلے بھی مستحقین کی خدمت کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 852634
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش