0
Friday 3 Apr 2020 02:25

قرآن و حدیث کی روشنی میں نفس کو نقصان پہنچانا حرام اور جان کی حفاظت واجب ہے، علامہ ناظر عباس تقوی

قرآن و حدیث کی روشنی میں نفس کو نقصان پہنچانا حرام اور جان کی حفاظت واجب ہے، علامہ ناظر عباس تقوی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کے صدر علامہ سید ناظر عباس تقوی کا کہنا ہے کہ جسم اللہ کی امانت ہے، قرآن و حدیث کی روشنی میں نفس کو نقصان پہنچانا حرام اور جان کی حفاظت واجب ہے، حکم خداوندی ہے کہ اپنے ہاتھ سے خود کو ہلاکت میں مت ڈالو، پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کی روشنی میں پرہیز صحت کے لئے واجب اور لازم ہے۔ میڈیا سیل کی طرف سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای، آیت اللہ علی سیستانی، دیگر مراجع تقلید اور جامعہ الازہر مصر کے فتاویٰ کی روشنی میں عالمی وباء کورونا وائرس کے پیش نظر حفاظتی اقدامات پر عمل کرنا ضروری ہے، کورونا وائرس کے خاتمے تک نماز باجماعت اور نماز جمعہ کو کچھ دیر کے لئے مؤقوف کردینا انسانیت کے مفاد میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خانہ کعبہ، مسجد نبوی، نجف اشرف، کربلا معلی، کاظمین شریفین، مشہد مقدس اور معصومہ قم کا مزار اقدس بھی احتیاطی اقدامات کے طور پر عوام کے لئے بند کردیئے گئے ہیں۔

علامہ ناظر عباس تقوی نے کہا کہ حکومت اور طبی ماہرین کی طرف سے صحت کے حوالے سے دی جانے والی ہدایات پر عمل ضروری ہے، عوام احتیاط کریں، مساجد کھلی رہیں، اذانیں دی جائیں، لوگ باجماعت کی بجائے انفرادی نماز پڑھیں اور صفوں اور نمازیوں کے درمیان مجوزہ فاصلہ ہونا چاہیئے، کورونا وائرس کے مرض کی وجہ سے مرنے والے کا غسل، کفن اور دفن واجبات میں سے ہے، البتہ غسل دینے والے اپنی جان کی حفاظت ضروری ہے، ہاتھ دھوئیں، دستانے استعمال کئے جائیں غسل کے لئے دو آدمی بھی ہوسکتے ہیں اور ایک آدمی بھی غسل میت دے سکتا ہے، زندہ انسانوں کی زندگی کے لئے احتیاطی تدابیر کے ساتھ غسل دیا جانا چاہیئے۔
خبر کا کوڈ : 854330
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش