0
Saturday 11 Apr 2020 00:18

احساس ایمرجنسی پروگرام پر پیپلز پارٹی کے نمائندے سیاست کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، حلیم عادل شیخ

احساس ایمرجنسی پروگرام پر پیپلز پارٹی کے نمائندے سیاست کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، حلیم عادل شیخ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر و پالیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ ویراعظم کے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام پر سندھ میں سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی کوشش کی جارہی ہے، احساس کیش ایمرجنسی پروگرام میں کورونا اور لاک ڈاؤن سے متاثرہ ہونے والے خاندانوں کے لئے ہے، اس پروگرام میں ایک کروڑ بیس لاکھ خاندانوں کو 144 ارب روپے دیئے جارہے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام پسند نہ پسند کی سیاست سے پاک ہے، غربت کی لکیر سے نیچے افراد کو میسج کے ذریعے مدد کی جارہی ہے، پروگرام کی رقم بینک کے ذریعے دی جارہی ہے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ تقسیم کرانا ضلع انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، تین صوبوں میں کہیں بھی تحریک انصاف کے رہنماؤں یا نمائندوں نے اس کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال نہیں کیا، افسوس کہ سندھ میں احساس ایمرجنسی پروگرام پر پیپلز پارٹی کے نمائندے سیاست کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، سندھ میں ڈپٹی کمشنر کو مقامی ایم این اے ایم پی ایز رکھواتے ہیں جو ان کی کمداری کرتے ہیں، چیف سیکریٹری بھی ڈپٹی کمشنرز کے اس طرح کے روویوں کو روکنے میں ناکام ہوئے ہیں، سندھ کے مختلف اضلاع میں ڈپٹی کمشنر اپنے سیاسی آقاؤں کو فائدہ دے رہے ہیں۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ احساس کیش ایمرجنسی پروگرام کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی جانب سے دی جانے والی رقم قرار دیا جارہا یے جو نہایت ہی افسوسناک ہے، پیپلز پارٹی کے نمائندوں کو اگر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کا شوق ہے تو وہ اپنے پارٹی فنڈ سے عوام کی مدد کریں، وزیراعظم کے طرف سے 144 ارب روپے غریب عوام کو دیئے جارہے ہیں، اس پروگرام میں پیپلز پارٹی اپنا جھنڈا گاڑنے کی کوشش نہ کرے، پیپلزپارٹی کے نمائندے سوشل میڈیا پر اور ڈی سیز کے ساتھ مل کر پروگرام کو بینظیر انکم سپورٹ کی رقم بتا رہے ہیں، افسوس کے سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن لگا کر بیس لاکھ خاندانوں کو راشن پہنچانے کا اعلان کیا تھا، وہ بیس لاکھ خاندانوں کو راشن نہیں مل رہا تھا، تب تمام پیپلز پارٹی کے نمائندے بلوں میں چھپ گئے تھے، جیسے ہی وزیراعظم عمران خان کا کیش پروگرام آیا ہے سب لوگ بلوں سے باہر نکل کر اپنی تصاویریں بنوا رہے ہیں، بڑے افسوس کی بات ہے، یہ پروگرام غریب عوام کے لئے ہے اس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے، نہ ہی ہمارا کوئی ایم این اے یا ایم پی اے جاکر فوٹو سیشن کروا رہا ہے، ڈپٹی کمشنر اس قسم کے روویوں سے باز رہیں وہ سرکار کے ملازم ہیں کسی سیاسی نمائندوں کے ملازم نہ بنیں۔
خبر کا کوڈ : 855898
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش