0
Monday 13 Apr 2020 22:14
دنیا میں کورونا مریضوں کی تعداد 18 لاکھ 74 ہزار سے تجاوز کر گئی

پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد 5493 ہو گئی، 93 جاں بحق، 1028 صحتیاب

قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، لاک ڈاؤن میں نرمی یا توسیع کا فیصلہ کل کیا جائیگا
پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد 5493 ہو گئی، 93 جاں بحق، 1028 صحتیاب
اسلام ٹائمز۔ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں 93 افراد جاں بحق اور 5 ہزار 493 متاثر ہو چکے ہیں جب کہ 44 کی حالت تشویشناک ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 300 سے زائد  نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ کورونا وائر سے پنجاب میں سب سے زیادہ 2672 کیسز رپورٹ ہوئے۔ سندھ 1452، بلوچستان 230، خیبر پختونخوا 744، اسلام آباد 131، گلگت بلتستان 224 اور آزاد کشمیر میں 40 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ مجموعی طور پر 54 فیصد کیسز دیگر ممالک سے آئے اور 46 فیصد مقامی ہیں۔ کورونا کے اب تک ایک ہزار 28 مریض صحتیاب اور 93 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ کورونا سے سندھ میں 31، پنجاب 22، کے پی 34، گلگت بلتستان 3، بلوچستان 02 اور اسلام آباد میں بھی ایک مریض جاں بحق ہو چکا ہے۔ ملک بھر میں اب تک 61 ہزار 801 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2805 نئے ٹیسٹ ہوئے۔ پاکستان کے 698 اسپتالوں میں قائم قرنطینہ مراکز مریضوں کا علاج جاری ہے اور اسپتالوں میں 11508 بیڈز کا بندوبست کیا گیا ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم سے کم کرنے کے لیے جزوی لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔ ملک میں عوامی اجتماعات پر مکمل پابندی عائد ہے اور تعلیمی ادارے بند ہیں۔

پاکستان میں لاک ڈاؤن میں نرمی یا توسیع سے متعلق حکومت تاحال فیصلہ نہیں کر پائی ہے، اس سلسلے میں قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس کل دوبارہ طلب کرلیا گیا ہے جس میں لاک ڈاؤن میں توسیع یا نرمی سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزراء، عسکری اور سول اداروں کے اعلیٰ حکام سمیت چیئرمین این ڈی ایم اے نے شرکت کی۔ اجلاس میں کمانڈ سینٹر کی جانب سے کورونا کی موجودہ صورتحال کے اعداد و شمار سے آگاہ کیا گیا جب کہ کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال، صوبائی سطح پر اقدامات اور ریلیف پیکجز پر عمل درآمد کا جائزہ بھی لیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کے آج ہونے والے اجلاس میں وفاق اور صوبوں نے لاک ڈاؤن سے متعلق یکساں پالیسی پر اتفاق کیا۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس کل دوبارہ طلب کرلیا گیا ہے جس میں لاک ڈاؤن میں توسیع یا نرمی سے متعلق فیصلے کیے جائیں گے۔

دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 18 لاکھ 74 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ ایک لاکھ 16 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔ کورونا وائرس کے چار لاکھ 35 ہزار سےزائد مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔ امریکہ میں دنیا کے کسی بھی ملک سے زیادہ اموات ہوئی ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی پندرہ سو سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ امریکہ میں کورونا وائرس کے سبب ہلاک ہونے والوں کی تعداد بائیس ہزارسے تجاوز کر گئی ہے۔ کورونا  کیسز کی تعداد پانچ لاکھ ساٹھ ہزار سے زیادہ ہے۔ ریاست نیویارک میں کیسز کی تعداد ایک لاکھ نواسی  ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ اٹلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید چار سو اکتیس افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں اور مجموعی تعداد انیس ہزار آٹھ سو سے بڑھ گئی ہے۔ فرانس میں کورونا سے پانچ سو اکسٹھ اموات سے مجموعی تعداد چودہ ہزار تین سو سے بڑھ گئی ہے۔ جرمنی میں کیسز کی تعداد ایک لاکھ ستائیس ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے جب کہ 3,022 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

اسپین میں مزید چھ سو سے زائد  افراد کورونا کا شکار ہو چکے ہیں اور ہلاکتوں کی تعدا د سترہ ہزارسے بڑھ گئی ہے۔ ایک لاکھ چھیاسٹھ ہزار سے زائد متاثر ہیں۔ برطانیہ میں مزید سات سو سینتیس ہلاکتیں ہوئی ہیں اور مجموعی تعداد دس ہزارچھ  سو سے بڑھ گئی ہے۔ متاثرہ مریضوں کی تعداد چوراسی ہزارسے زائد ہے۔ کورونا کے اسپین میں باسٹھ اور جرمنی میں ساٹھ ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہوئے۔ ایران میں ساڑھے تینتالیس، اٹلی میں چونتیس اور امریکہ میں بتیس ہزار سے زائد مریضوں نے کورونا کو شکست دے دی۔  فرانس میں ستائیس ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ سعودی عرب میں کررونا وائرس کے چار سو انتیس نئے کیسز سامنے آگئے ہیں اور مریضوں کی تعداد چار ہزار چار سو باسٹھ ہو گئی ہے۔ سعودی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں  کے دوران سات ہلاکتیں ہوئی ہیں اورمرنے والوں کی مجموعی تعداد انسٹھ ہو چکی ہے۔

 
خبر کا کوڈ : 856480
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش