0
Sunday 3 May 2020 12:27

پنجاب حکومت نے بازار کھولنے کیلئے سفارشات وفاقی حکومت کو پیش کر دیں

پنجاب حکومت نے بازار کھولنے کیلئے سفارشات وفاقی حکومت کو پیش کر دیں
اسلام ٹائمز۔ پنجاب حکومت نے بازار اور کارخانے کھولنے کیلئے سفارشات وفاقی حکومت کو پیش کر دیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے سربراہ گوہر اعجاز کی قیادت میں صنعتکاروں اور تاجر برادری کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی جس میں درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کے باعث سب سے زیادہ مشکلات کا شکار عام آدمی ہے اور کاروبار چلنے سے ہی عام آدمی کو روزگار ملے گا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ صنعتکاروں اور تاجر برادری کے مسائل کے حل کے لئے صوبائی وزیر صنعت کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی ہے، مارکیٹوں اور بازاروں کو مرحلہ وار کھولا جائے گا اور اس حوالے سے تمام فریقین سے مشاورت کی جائے گی، زوننگ کر کے مارکیٹوں اور بازاروں کو مخصوص دن اور مخصوص اوقات میں کھولنے کی تجویز ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ لوہا و اسٹیل صنعت اور ہوم اپلائنسز انڈسٹری کو کھولنے کی تجویز دی ہے، ایسی تمام فیکٹریز جن کے اندر اپنی لیبر کالونیاں موجود ہیں انہیں بھی کھولنے کی سفارش کی ہے، پاور لومزکو کام کرنے کی اجازت دے رہے ہیں۔

عثمان بزدار نے مزید کہا کہ پنجاب میں مرحلہ وار کاروبار کی اجازت دینے کے لئے ایس او پیز تیار کر لئے گئے ہیں جن کی خلاف ورزی پر انڈسٹری کو بند کر دیا جائے گا، روڈ سیکٹر اور بلڈنگ کے علاوہ تعمیرات سے متعلقہ دیگر انڈسٹری کو کھولنے کی اجازت دی جائے گی، سفارشات تیار کر کے وفاقی حکومت کو پیش کر دی ہیں، وفاقی حکومت کی مشاورت سے ایکسپورٹ سیکٹر سے منسلک فیڈنگ انڈسٹری کو بھی کھولا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 860422
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش