0
Wednesday 20 May 2020 17:34

مغربی کنارے و مقبوضہ قدس پر صیہونی فوجیوں کے چھاپے، متعدد فلسطینی نوجوان گرفتار

مغربی کنارے و مقبوضہ قدس پر صیہونی فوجیوں کے چھاپے، متعدد فلسطینی نوجوان گرفتار
اسلام ٹائمز۔ پوری دنیا میں پھیلتے کرونا وائرس اور ماہ مبارک رمضان کے باوجود غاصب صیہونی فوج کی طرف سے بیگناہ فلسطینی نوجوانوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ عرب اخبار القدس العربی کے مطابق غاصب صیہونی فوج نے فلسطینی عوام کے خلاف اپنی تازہ کارروائیوں میں فلسطینی شہر بیت اللحم کے قصبے العبیدیہ میں ایک گھر، شہر الخلیل کے العروب و الفوار پناہ گزین کیمپس اور گاؤں الحدب پر چڑھائی کر کے متعدد فلسطینی نوجوانوں کو روزے کی حالت میں گرفتار کر لیا ہے۔ علاوہ ازیں شہر مقبوضہ قدس میں مسلمان فلسطینی عوام پر غاصب صیہونی فوج کے ساتھ ساتھ یہودی آبادکاروں نے بھی حملہ کر دیا جس میں متعدد فلسطینیوں کے گرفتار کر لئے جانے کے ساتھ ساتھ دسیوں کو زخمی بھی کر دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی فوجیوں نے چند روز قبل شہید کئے جانے والے معروف فلسطینی شہید بہاءالدین محمد عبداللہ العوادہ کے قصبہ دیرسامت میں واقع  گھر کے اندر گھس کر توڑ پھوڑ کی اور ان کے اہل خانہ کو کئی گھنٹوں تک یرغمال بنائے رکھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فلسطینی شہر الخلیل میں بھی ایک صیہونی فوجی کو پتھر لگنے کے بعد غاصب صیہونیوں کی جانب سے شاہراہ الشہداء کے ساکنین کو نہ صرف گھروں سے بےدخل کر دیا گیا ہے بلکہ ان کے شناختی کارڈز بھی ضبط کر لئے گئے ہیں۔ مزید برآں شمالی شہر جنین کا قصبہ یعبد بھی گذشتہ 2 ہفتوں سے غاصب صیہونی فوجیوں کے حملوں کی زد میں ہے جہاں چند روز قبل پتھر لگنے سے ایک صیہونی فوجی مارا گیا تھا۔ واضح رہے کہ گذشتہ 2 ہفتوں کے دوران یعبد کے متعدد رہائشیوں کو گولیوں و لاٹھیوں کے ساتھ زخمی کئے جانے کے علاوہ 40 سے زائد شہریوں کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے جن میں بوڑھے، بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 863848
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش