0
Tuesday 26 May 2020 20:30

طیارہ حادثہ، شہید کے اہل خانہ کو 10 لاکھ امداد اور انشورنس کے 50 لاکھ ملیں گے، گورنر سندھ

طیارہ حادثہ، شہید کے اہل خانہ کو 10 لاکھ امداد اور انشورنس کے 50 لاکھ ملیں گے، گورنر سندھ
اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے طیارہ حادثے میں شہید کے اہل خانہ کو 10 لاکھ  روپے دیئے جائیں گے جب کہ انشورنس کی مد 50 لاکھ روپے ملیں گے۔ تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل طیارہ حادثے میں شہید دو بھائیوں کے گھر گئے اور شہداء کے والد سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے انہیں دلاسہ دیا اور کہا کہ ہر پاکستانی آپ سے بھرپور ہمدردی رکھتا ہے اور حکومت بھی شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہے، طیارہ حادثے کے فی شہید کو وزیراعظم پاکستان کی جانب سے 10 لاکھ روپے جب کہ انشورنس کی مد میں 50 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ماہرین پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل بھی دے دی ہے، ٹیم جلد وزیراعظم کو رپورٹ ارسال کرے گی، حتمی رپورٹ میں جو ذمہ دار ہوگا وہ سزا کا مستحق ہوگا، یقین دلاتا ہوں کہ ذمہ داروں کا تعین کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلائیں گے۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ طیارہ حادثے نے پوری قوم کو افسردہ کردیا ہے، عیدالفطر کے تیسرے روز بھی پورے ملک میں سوگ کی فضاء قائم ہے، یہ ملکی تاریخ کا بڑا حادثہ ہے، ہمیں احساس ہے ان ورثاء کا تاکہ اپنے پیاروں کی لاشوں کی تدفین کرسکیں، شہیدوں کی نشاندہی کے لئے ڈی این اے کا کام جاری ہے، 30 سے 34 شہیدوں کی نشاندہی ابھی باقی ہے، اس عمل میں 10 سے 12 دن لگ سکتے ہیں۔ کورونا وائرس سے متعلق گورنر سندھ نے کہا کہ کورونا وائرس کا حل لاک ڈاؤن نہیں ہے اور ہم نے یہ بھی نہیں کہا کہ کورونا وائرس موجود نہیں ہے، مجھے بھی کورونا وائرس لاحق ہوا اور میں 18 یوم بعد شفایاب ہوا، وائرس کا شکار ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ جسے کورونا ہوگیا اس کی موت کے پروانے پر دستخط ہوگئے۔
خبر کا کوڈ : 864881
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش