0
Wednesday 27 May 2020 00:28

مردان، 100 سے زائد مریضوں کو اسپتال پہنچانے والا ریسکیو اہلکار کورونا کا شکار ہوگیا

مردان، 100 سے زائد مریضوں کو اسپتال پہنچانے والا ریسکیو اہلکار کورونا کا شکار ہوگیا
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے شہر مردان میں کورونا وائرس سے متاثرہ 100 سے زائد مریضوں کو اسپتال پہنچانے والا ریسکیو اہلکار خود کرونا وائرس کا شکار ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ریسکیو اہل کار ارشاد خان دوسرے مریضوں کو اسپتال پہنچاتے پہنچاتے خود بھی کرونا وائرس سے متاثر ہوگئے ہیں، ارشاد خان نے یو سی منگا سے ایک رات میں 56 مریضوں کو اسپتال منتقل کیا تھا۔ ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن کے طور پر خدمات انجام دینے والے فرنٹ لائن سولجر ارشاد خان کو مردان کے میڈیکل کمپلیکس کے آئسولیشن وارڈ میں زیر علاج رکھا گیا ہے، خیبر پختونخوا کے سیکرٹری ریلیف عابد مجید نے ریسکیو جاں باز ارشاد خان کو سلام بھی پیش کیا، انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ ارشاد خان کو علاج کے لیے بہترین سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

ڈائریکٹر ریسکیو 1122 خطیر احمد کا کہنا تھا کہ مشکل کی گھڑی میں جوانوں کی کارکردگی قابل ستائش ہے، ریسکیو کے جوان اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر عوام کو بہترین خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے ارشاد خان سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے ان کی خیریت بھی دریافت کی اور جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ چیف سیکرٹری کے پی کی جانب سے ریسکیو اہل کار ارشاد خان کو پھولوں اور پھلوں کا تحفہ بھی پہنچایا گیا۔ واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد بڑھ کر 8,080 ہوگئی ہے، جن میں سے 5,143 مریض زیر علاج ہیں اور 408 مریض اب تک جاں بحق جبکہ 2529 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 864929
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش