0
Thursday 4 Jun 2020 03:00

وفاقی حکومت ریاست کے ماتحت اداروں کے مزدوروں کے خلاف سازشیں بند کرے، بلاول بھٹو زرداری

وفاقی حکومت ریاست کے ماتحت اداروں کے مزدوروں کے خلاف سازشیں بند کرے، بلاول بھٹو زرداری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ریاست کے ماتحت اداروں کے مزدوروں کے خلاف سازشیں بند کرے۔ اپنے ایک اہم بیان میں چیئرمین پی پی نے کہا کہ سرکاری، نیم سرکاری یا ریاستی کارپوریشنز کے ملازمین کو اگر نوکریوں سے نکالا گیا تو بھرپور مزاحمت کریں گے، عمران خان اور ان کی کابینہ کے کچھ ارکان افراتفری کی ایسی صورت حال پیدا کرنا چاہتے ہیں تاکہ ریاستی کارپوریشنز ان کے منظورنظر افراد کی نذر ہوجائیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ قومی ایئر لائن اور پاکستان اسٹیل ملز وہ قومی اثاثے ہیں جو پہلے دن سے پی ٹی آئی حکومت کے نشانے پر ہیں، پی ٹی آئی منظم طریقے سے ریاستی کارپوریشنز کے ہزاروں ملازمین اور ان کے خاندان کے لاکھوں افراد کے روزگار سے کھیل رہی ہے، پی آئی اے میں لازمی سروس ایکٹ کا نفاذ اور یونین پر پابندی ایک غیرآئینی عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ورکرز کو بنیادی حقوق سے محروم کرنے کے حکومتی اقدامات اس راز کو بھی فاش کررہے ہیں کہ حکومت ادارے فروخت کرنا چاہتی ہے، عمران خان نے اسٹیل ملز کے دروازے پر کھڑے ہوکر کہا تھا کہ ان کے پاس ماہرین ہیں جو ادارے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرسکتے ہیں، عمران خان اپنا وعدہ بھول کر اب ان افراد کے مقاصد کی تکمیل میں لگ گئے ہیں جو ریاستی اداروں کو اپنے منظورنظر افراد کو فروخت کرنا چاہتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان کا ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ دراصل ایک جھانسہ تھا جو غریبوں اور بیروزگاروں کو دیا گیا، پاکستان پیپلزپارٹی کسی سرکاری شعبے کی ڈاؤن سائزنگ نہیں ہونے دے گی، پیپلز پارٹی بے روزگار کرنے اور نجکاری کے حکومتی اقدامات کے خلاف بھرپور مزاحمت کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 866500
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش