0
Friday 5 Jun 2020 10:56

ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے جنگلات کی بقا اور اس کی حفاظت ناگزیر ہے، عثمان بزدار

ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے جنگلات کی بقا اور اس کی حفاظت ناگزیر ہے، عثمان بزدار
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ماحولیاتی آلودگی سے بچائو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی پاکستان سمیت دنیا بھر کے لئے ایک چیلنج ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی نسلوں کو آلودگی سے پاک صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے اور اس کے لیے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لئے مشترکہ حکمت عملی کے تحت آگے بڑھنا ہوگا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام میں کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے باعث انسانی صحت اور قدرتی ماحول بری طرح متاثر ہو رہا ہے، اقوام عالم کو مل کر قدرتی ماحول پر اثرانداز ہونے والے عوامل پر قابو پانا ہوگا۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی اور صنعتی ترقی کرہ ارض کے ماحول پر اثرانداز ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نے آلودگی پر قابو پانے کے لیے  موثر اقدامات کیے ہیں۔ آلودگی پر قابو پانے کے لیے حکومتی اقدامات بارے انہوں نے بتایا کہ کلین اینڈ گرین پاکستان اور بلین ٹری سونامی پروگرام سے پاکستان میں آلودگی پر قابوپانے میں مدد مل رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید بتایا کہ ہماری حکومت نے شجرکاری مہم کو ایک تحریک بنایا، قدرتی وسائل کے تحفظ اور عوام میں آگاہی کے ذریعے ماحول کو محفوظ بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ماحول کے تحفظ کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے آگاہی مہم کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی میں تیزی سے اضافے کی ایک بڑی وجہ جنگلات کی مسلسل کٹائی بھی ہے، ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے جنگلات کی بقا اور اس کی حفاظت ناگزیر ہے۔
وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سرسبز و شاداب اور گھنے درخت خوبصورتی کا ایسا روپ ہیں جس کا کوئی نعم البدل نہیں، آج کے دن ہمیں نئی نسلوں کیلئے ملک کو صاف ستھرا، سرسبز و شاداب اور قدرتی ماحول یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔
خبر کا کوڈ : 866655
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش