1
Wednesday 10 Jun 2020 21:14

حماس کیجانب سے 40 عرب و اسلامی ممالک سے بھرپور و فوری "اخلاقی حمایت" کی اپیل

حماس کیجانب سے 40 عرب و اسلامی ممالک سے بھرپور و فوری "اخلاقی حمایت" کی اپیل
اسلام ٹائمز۔ عرب ای مجلے العہد نے اطلاع دی ہے کہ حماس کے سیکرٹری سیاسیات اسمعیل ہنیہ نے دنیا کے 40 عرب و اسلامی ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے فلسطینی علاقے "مغربی کنارے" کے اسرائیل میں ضم کئے جانے کے اقدام کا مقابلہ کرنے کے لئے فوری اقدام اٹھائیں۔ اسمعیل ہنیہ نے اسلامی و عرب ممالک کو ارسال کئے گئے اپنے ایک پیغام میں فلسطینی علاقے مغربی کنارے کے اسرائیل کے ساتھ ملحق کئے جانے کے اسرائیلی اعلان کو فلسطین و علاقائی ممالک کے خلاف صیہونی جرائم کی لمبی فہرست میں نیا اضافہ قرار دیا اور کہا کہ غاصب صیہونی رژیم کی طرف سے اٹھائے گئے اس فیصلے نے نہ صرف فلسطین کے حال و مستقبل بلکہ پوری عرب و مسلم امت کے حال و مستقبل کو خطرے سے دوچار کر دیا ہے۔

فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے سیکرٹری سیاسیات اسمعیل ہنیہ نے اسلامی و عرب ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیل کی یہودی بستیوں، شہر قدس شریف و مغربی کنارے کو یہودی بنائے جانے اور مسئلۂ فلسطین کے خاتمے کے لئے امریکی سرپرستی میں چلنے والی سازشوں کے خلاف قانونی حقوق کے حصول، اپنی سرزمین کی آزادی اور قدس شریف کے دارالحکومت پر مبنی آزاد حکومت کی تشکیل کے فلسطینی حق کی حمایت میں مسئلۂ فلسطین کو سیاسی، سفارتی، اقتصادی اور میڈیا شیلٹر دینے کے لئے فی الفور بین الاقوامی نشست بلائیں۔

اسمعیل ہنیہ نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ (امتِ مسلمہ کی جانب سے) ایک ایسا متحدہ اور سنجیدہ موقف اختیار کیا جانا چاہئے جو تمام صیہونی سازشوں کو ناکام بناتے ہوئے نہ صرف مسلمانوں کے مقدس مقامات بلکہ عیسائیوں کے مقدس مقامات کی بھی بھرپور حمایت کرے، فلسطینی شہروں کو یہودی بنانے اور فلسطین میں تقسیم در تقسیم کی صیہونی سازش کو کامیاب نہ ہونے دے، قدس شریف کے مکینوں کے قیام کی حمایت کرے، قابض قوتوں کو روکے، گھناؤنی قابض رژیم کے مسلسل ناجائز قبضے کا ڈٹ کر مقابلہ کرے اور بڑھتی صیہونی دہشتگردی، یہودی بستیوں کی تعمیر اور مغربی کنارے، قدس شریف و مسجد الاقصی کو یہودی بنانے کے عمل کو محدود کر دے۔

فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے سیکرٹری سیاسیات نے عالم اسلام کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ غاصب صیہونی رژیم اپنے ساتھ بعض اسلامی عرب ممالک کی جانب سے معمول کے دوستانہ تعلقات استوار کئے جانے سے ناجائز فائدہ اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غاصب صیہونی رژیم ان دوستانہ تعلقات کو ناجائز قبضے پر مبنی اپنے مذموم اقدامات کی تکمیل کے لئے ڈھال کے طور پر استعمال کرتی ہے۔ اسمعیل ہنیہ نے غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کے ساتھ معمول کے دوستانہ تعلقات استوار کئے جانے کے عمل کو ایک ناقابل مداوا غلطی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم غاصب صیہونی رژیم کے ان غیرقانونی اقدامات کے سامنے اپنے ہاتھ باندھے نہیں رکھے گی بلکہ اپنی وسیع مزاحمت کے ذریعے ان غیرقانونی اقدامات کا بھرپور جواب دے گی۔
خبر کا کوڈ : 867808
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش