0
Thursday 18 Jun 2020 00:08

پی ٹی آئی ارکان سندھ اسمبلی کا وزیراعظم سے صوبے میں ایمرجنسی کے نفاذ کا مطالبہ

پی ٹی آئی ارکان سندھ اسمبلی کا وزیراعظم سے صوبے میں ایمرجنسی کے نفاذ کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ صوبے میں آئین کے آرٹیکل 149 کے تحت ایمرجنسی لگائی جائے، لاڑکانہ میں وزیراعظم کا پتلا جلانے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، بلاول نے ثابت کردیا ہے کہ وہ بھٹو نہیں بلکہ زرداری ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ارکان سندھ اسمبلی نے وزیراعظم کو صوبے میں صحت کے شعبے کے حوالے سے آگاہ کیا ہے، عمران خان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سندھ کے مسائل کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کو دوسرے صوبوں سے زیادہ ریلیف دیا گیا ہے، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سندھ کی ہفتے میں میں دو ملاقاتیں وڈیو کانفرنس کے ذریعہ ہوتی ہیں، وزیراعلیٰ جب چاہتے وزیراعظم سے مل سکتے تھے، صوبے اور وفاق کے درمیان رابطوں کا کوئی فقدان نہیں ہے۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو برداشت کی پارٹی کے حوالے سے جانا جاتا تھا لیکن آج لاڑکانہ میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کا پتلا جلایا گیا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، اس واقعہ کی ایف آئی آر بلاول بھٹو زرداری اور مراد علی شاہ کے خلاف درج ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اس طرز کی سیاست جاری رکھی تو ان کا گھروں سے نکلنا مشکل ہوجائے گا، آج کے واقعہ سے شہید بے نظیر بھٹو کی روح تڑپ گئی ہوگی، بلاول ہاؤس اور سی ایم ہاؤس پی ٹی آئی کے حلقے میں ہے، مراد علی شاہ نے سکیورٹی برج کو گرا دیا ہے، وزیراعظم ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ہماری حکمت عملی سندھ میں تبدیلی لانے کے لئے ہے، پی ٹی آئی کے ارکان نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ میں فوری طور پر آئین کے آرٹیکل 149 کے تحت ایمرجنسی لگائی جائے۔
خبر کا کوڈ : 869264
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش