0
Thursday 18 Jun 2020 09:35

لاہور، اتحاد امت فورم نے اشرف جلالی کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دیدی

لاہور، اتحاد امت فورم نے اشرف جلالی کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دیدی
اسلام ٹائمز۔ لاہور کے تھانہ سمن آباد میں اتحاد اُمت فورم کے زیراہتمام مختلف شیعہ سنی جماعتوں کے قائدین نے توہینِ سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا پر تحریک لبیک یارسول اللہ کے سربراہ مولوی اشرف آصف جلالی کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دیدی گئی۔ درخواست میں علامہ امتیاز عباس کاظمی کو مدعی بنایا گیا ہے۔ پولیس نے درخواست وصول کرنے کے بعد آج دوپہر دو بجے تک مقدمہ درج کرنے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔ وفد میں تحریک تحفظ تشیع پاکستان کے رہنما علامہ امتیاز کاظمی، مجلس وحدت مسلمین کے علامہ حسن ہمدانی، شیعہ علماء کونسل کے حافظ کاظم رضا نقوی، قاسم علی قاسمی، سید جعفر شاہ، آفتاب ہاشمی، مولانا نیاز عباس، کل مسالک علماء بورڈ کے چیئرمین اور جے یو آئی کے رہنما مولانا عاصم مخدوم، جمعیت علماء پاکستان سمیت دیگر اہلسنت اور اہل تشیع جماعتوں کے قائدین شامل تھے۔
 
وفد نے ایس ایچ او سمن آباد کو اشرف جلالی کی ویڈیو بطور ثبوت پیش کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ اشرف جلالی نے سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی توہین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اشرف جلالی کے اس خطاب سے اُمت مسلمہ کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، اس لئے اشرف جلالی کیخلاف توہین رسالت ایکٹ 295 سی کے تحت مقدمہ درج کرکے اسے فوری گرفتار اور اس کا نام فورتھ شیڈول میں شامل کیا جائے۔ علماء کا کہنا تھا کہ اشرف جلالی نے ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دینے کی کوشش کی ہے، ان کا یہ جرم قابل گرفت ہے۔ وفد میں شامل شیعہ سنی علماء نے ایس ایچ او سے مطالبہ کیا کہ ان کی جانب سے دائر ہونیوالی اس درخواست پر فوری عملدرآمد کروایا جائے۔ یاد رہے کہ علماء کا وفد رات 8 بجے درخواست لے کر تھانے پہنچا، تاہم پولیس کی جانب سے رات 12 بج کر 24 منٹ پر درخواست وصول کی گئی۔ شہریوں کی بڑی تعداد رات گئے تھانے پہنچ گئی تھی اور درخواست وصولی تک تھانے میں ہی موجود رہے۔
خبر کا کوڈ : 869298
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش