0
Thursday 25 Jun 2020 21:26

آئی جی پولیس خیبر پختونخوا سے افغان قونصل جنرل کی ملاقات

آئی جی پولیس خیبر پختونخوا سے افغان قونصل جنرل کی ملاقات
اسلام ٹائمز۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی سے افغان قونصل جنرل نجیب اللہ احمد زئی نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر آئی جی پی نے افغان قونصل جنرل کو کل پشاور میں رونما ہونے والے پولیس تشدد کے افسوسناک واقعے کی تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ قابل اعتراض ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد انہوں نے اس کا فوراً نوٹس لیتے ہوئے اس واقعے میں ملوث اہلکاروں کو فوری طور پر معطل اور گرفتار کرنے کا حکم دیا۔ آئی جی پی نے کہا کہ عوام کی جان و مال اور عزت و آبرو کا تحفظ ہر قیمت پر کیا جائے گا، قانون سے کوئی بالا تر نہیں۔

آئی جی پی نے افغان قونصل جنرل کو یقین دلایا کہ اس شرمناک واقعے میں ملوث عناصر کو ہر قیمت پر قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ افغان قونصل جنرل نے اس واقعے کا فوری نوٹس اور بھرپور ایکشن لینے پر صوبائی حکومت اور خیبر پختونخوا پولیس کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ باہمی عزت و احترام پر مبنی تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے مشترکہ اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔ خیبر پختونخوا افغان مہاجرین کے اتاشی عبدالحامد جلیل اور سیکنڈ سیکرٹری پروٹوکول جوہر بھی اس موقع پر افغان قونصل جنرل کے ہمراہ موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 870889
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش