0
Sunday 5 Jul 2020 18:15

ملتان، نجی ٹی وی چینلز کی بندش کے خلاف صحافیوں کا احتجاج، حکومتی پالیسی کی مذمت

ملتان، نجی ٹی وی چینلز کی بندش کے خلاف صحافیوں کا احتجاج، حکومتی پالیسی کی مذمت
اسلام ٹائمز۔ پیمرا کی جانب سے چینل 24 نیوز کا لائسنس معطل کرنے اور ملک بھر میں نشریات بند کرنے کے حکم کے خلاف ملتان یونین آف جرنلسٹس کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس کی قیادت ملتان یونین آف جرنلسٹس کے رہنمائوں صدر شکیل بلوچ، جنرل سیکرٹری شفقت بھٹہ، فنانس سیکرٹری رانا عرفان الاسلام اور ممبر مجلس عاملہ بلال نیازی نے کی۔ احتجاجی مظاہرے میں سینئر صحافی جمشید احمد رضوانی، الیکٹرانک کیمرہ مین ایسوسی ایشن کے صدر تنویر گیلانی، جنرل سیکرٹری سید مہتاب حیدر، ارشد گجر، طاہر عباس، آصف اقبال، قرار حیدر، زاہد جمال، عامر شاہ، نعیم قریشی، زاہد جمال، محمد رضوان، عبدالرحمن، محمد ہارون، عدنان یعقوب، عمیر علی خان، مقصود چوہان، وسیم شہزاد، علی ریاض، جنید انور، جمیعت علمائے اسلام (ف) ضلع ملتان کے نائب امیر علامہ ابوبکر عثمان، شہباز شریف ہسپتال پیرامیڈکس یونین کے صدر ملک عمران یوسف، ایپکا ایکسائز کے جنرل سیکرٹری نیاز ڈھلوں، عمر علی مہر، عامر علی گجر، ابو بکر، ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ ایپکا کے رہنماوں محمد اجمل سیال، محمد ارشاد سمیت دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر مظاہرین نے پیمرا کے فیصلے اور میڈیا سے متعلق حکومتی پالیسیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور چینل 24 نیوز کا لائسنس معطلی کا حکم واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ احتجاجی مظاہرے سے صدر ایم یو جے شکیل بلوچ، جنرل سیکرٹری شفقت بھٹہ، فنانس سیکرٹری رانا عرفان الاسلام اور ممبر مجلس عاملہ بلال نیازی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیمرا کے کالے قانون کے تحت 24نیوز کی نشریات بند کرکے صحافت پر حملہ کیا گیا ہے، موجودہ دور میں صحافی پہلے سے ہی معاشی بحران کا شکار ہیں پیمرا کی جانب سے ٹی وی چینلز کے لائسنس معطل کرنے سے صحافی مزید معاشی بحران کا شکار ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرونا وبا سے فرنٹ لائن پر لڑنے والے صحافیوں کا سوچی سمجھی سازش کے تحت معاشی قتل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے زیرسایہ ملتان یونین آف جرنلسٹس سمیت ملک بھر کی یونینز چینل 24نیوز کے ملازمین کا چولہا نہیں بجھنے دیں گی، ورکرز کا مستقبل بچانے کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیمرا اپنا مذموم اقدام واپس لے اور چینل 24نیوز کا لائسنس فوری طور پر بحال کرے، بصورت دیگر ملک بھر میں احتجاجی سلسلہ شروع کیا جائیگا۔
خبر کا کوڈ : 872639
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش