0
Thursday 9 Jul 2020 22:13

جب تک کورونا سے متعلق تسلی نہیں ہوگی، تب تک صوبے میں اسکولز نہیں کھولیں گے، مراد راس

جب تک کورونا سے متعلق تسلی نہیں ہوگی، تب تک صوبے میں اسکولز نہیں کھولیں گے، مراد راس
اسلام ٹائمز۔ وزیرتعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ جب تک کورونا سے متعلق تسلی نہیں ہوگی، تب تک صوبے میں اسکولز نہیں کھولیں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق اپنے بیان میں مراد راس نے کہا کہ 15 ستمبر کو اسکولز کھولنے سے پہلے مزید 2 اجلاس ہوں گے، سخت ایس او پیز کے ساتھ ہی اسکولز کھولے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حالات نارمل ہوئے تو 15 ستمبر کو تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ ہوگا، روزانہ کی بنیاد پر ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر کورونا کے حالات کو دیکھ رہے ہیں۔ ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ اپنے بچوں اور اساتذہ کی صحت کو سامنے رکھتے ہوئے جو فیصلہ ہوگا، کریں گے۔ دریں اثناء پنجاب حکومت نے اسکولز کھولنے سے متعلق ایس او پیز تیار کرلیں ہیں، قواعد و ضوابط کا اطلاق نجی اسکولوں پر بھی ہوگا۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب کے مطابق روزانہ اسکول کھلنے سے پہلے جراثیم کش اسپرے کیا جائے گا۔ طلبا، اساتذہ اور دیگر اسٹاف کیلئے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اسمبلی اور دیگر اجتماعات نہیں ہوں گے۔

جاری ایس او پیز کے مطابق اسکولوں میں صرف انگریزی، ریاضی اور سائنس کے مضامین پڑھائے جائیں گے۔ ڈیسکوں کے درمیان ایک میٹر کا فاصلہ برقرار رکھنا ہوگا۔ بخار چیک کرنا، سینیٹائزر کی فراہمی اور طلبا کو ہاتھ دھونے سے متعلق روزانہ پیغام دیا جائے گا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے ملک بھر میں 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا تھا۔ وزیرتعلیم شفقت محمود نے بتایا تھا اس حوالے سے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو تجاویز بھیج دی گئی ہیں اور حکومت بھی تعلیمی اداروں سے متعلق مزید مشاورت کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں سے متعلق ایس او پیز پر نظرثانی کی جائے گی۔ اگست کے پہلے اور پھر تیسرے ہفتے میں تعلیمی ادارے کھولنے کے فیصلے پر دوبارہ نظرثانی کریں گے۔
 
خبر کا کوڈ : 873485
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش